کراچی: حکومت سندھ کے بلدیاتی بل کے خلاف ایم کیو ایم پاکستان اور پاکستان تحریک انصاف نے عدالت سے رجوع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
یہ بات ایم کیو ایم پاکستان اور پی ٹی آئی رہنماؤں کے درمیان ہونے والی ملاقات کے بعد دی جانے والی میڈیا بریفنگ میں بتائی گئی۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل نے میڈیا بریفنگ میں کہا کہ حکومت سندھ ایک کالا بلدیاتی قانون لے کر آئی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کی کراچی کے ساتھ دشمنی سب کے سامنے ہے۔
انہوں نے کہا کہ حکومت سندھ کے کالے بلدیاتی بل پر دیگر جماعتوں سے رابطے کریں گے اور بلدیاتی بل کو عدالت میں لے کر جائیں گے۔
ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما کنور نوید جمیل نے اس موقع پر اعلان کیا کہ حکومت سندھ کی جانب سے بلدیاتی بل واپس لینے تک احتجاج جاری رکھیں گے۔
انہوں نے کہا کہ گیس کی وجہ سے پورے پاکستان کے عوام پریشان ہیں۔ انہوں نے وزیراعظم عمران خان سے بھی اپیل کی کہ وہ گیس بحران کا نوٹس لیں۔
پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ نے اس موقع پر کہا کہ پیپلزپارٹی سندھ میں سرداری اور زرداری نظام مسلط کررہی ہے۔
انہوں ںے کہا کہ حکومت سندھ کے بلدیاتی بل کے خلاف اپوزیشن جماعتیں متحد ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کےعوام کے حقوق کے لیے آخری حد تک جائیں گے۔
پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ کے خلاف بھرپور تیاری کرلی ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ خیبرپختونخوا میں ہارنے اور جیتنے والی تحریک انصاف ہے۔