|

وقتِ اشاعت :   December 22 – 2021

کوئٹہ:  چینی قونصل جنرل مسٹر لی بی جین نے کہا ہے پشتونخوا بلڈ بنک کی بلا تمیز تمام عوام کی خدمت کا مشن قابل تحسین ہے ، چین اپنی دوستی کو نبھاتے ہوئے ہر شعبہ زندگی میں پاکستان اور بالخصوص بلوچستان کے عوام کے ساتھ تعاون جاری رکھے گی ، بلوچستان کی ترقی وخوشحالی ہمیں بہت عزیز ہے ۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے پشتونخوا بلڈ بنک کو خون کے ٹیسٹ کرنیوالی مشین اور سامان چین کی حکومت کی جانب سے فراہم کرنے کے سلسلے میں پریس کلب کوئٹہ میں منعقدہ تقریب سے ویڈیو لنک کے ذریعے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ جس سے پشتونخواملی عوامی پارٹی کے مرکزی سیکرٹری مالیات اور ہیلتھ فائونڈیشن کے چیئرمین ڈاکٹر کلیم اللہ خان ، مرکزی وصوبائی سیکرٹری عبدالرحیم زیارتوال، صوبائی ڈپٹی سیکرٹری ڈاکٹر حامد خان اچکزئی، پروفیسر ڈاکٹر شربت خان مندوخیل، ہائیکورٹ بار ایسوسی ایشن کے صدر عبدالمجید کاکڑ نے خطاب کیا۔ اس موقع پر پشتونخوا بلڈ بنک کے حوالے سے بریفنگ صالح محمد نے دی اور سٹیج سیکرٹری کے فرائض پارٹی صوبائی سیکرٹری اطلاعات محمد عیسیٰ روشان نے سرانجام دیئے ۔جبکہ تلاوت کلام پاک عبدالفیاض نے کی۔ چینی قونصل جنرل مسٹرلی بی جین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اس شدید سردی کے موسم میں اس تقریب میں شرکت پر پارٹی اکابرین اورتمام مہمان گرامی کا شکریہ ادا کرتا ہوں ۔پشتونخوا بلڈ بنک کی سماجی خدمات پر بحیثیت چائنا حکومت اور مجھے ڈونر کے طور پر مشین اور دیگر سامان مہیا کرنا میرے لیئے باعث فخر ہے اور اس کام کی شروعات اُس وقت ہوئی جب پچھلے جنوری میں میں نے دورہ کوئٹہ کے دوران پشتونخوابلڈبنک کا دورہ کیا تھا اور پارٹی لیڈروں سے ملاقات میں یہ معلوم ہواتھا کہ پشتونخوا بلڈ بنک بلا تمیزتمام عوام کو سکین شدہ معیاری خون مہیا کررہا ہے اور واپس آنے کے بعد میں نے اپنے قونصلیٹ کے ساتھیوں کے ساتھ اپنے حکومت کے ساتھ یہ مسئلہ اٹھایا کہ بلوچستان کے عوام کی اس خدمت کے سلسلے میں ہم بھی اپنا حصہ ڈالیں اور آپ سب کو معلوم ہے کہ کوئی کام تنہا نہیں کیا جاسکتا اس میں ہماری قونصلیٹ کے دوستوں اور پشتونخوا بلڈ بنک کے انتظامیہ کے تعاون پر ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

اور آپ کو یہ بھی بتانا چاہتا ہوں کہ مجھے معلوم ہوا ہے کہ پشتونخوا بلڈ بنک گزشتہ 23سالوں سے صوبے کے تمام عوام کی بلا تمیز خدمت کررہی ہے اور آپ سب پر یہ بات واضح کرنا چاہتا ہوں کہ ایسے اداروں کے ساتھ اگر تعاون نہ ہو تو مشکلات پیدا ہونگے تو آئندہ کیلئے بھی ہمارا قونصلیٹ ریگولر بنیادوں پر آپ کے ساھ تعاون جاری رکھے گا۔ جیسا کہ آپ لوگوں کو معلوم ہے کہ اس سال چین پاکستان کی 70سالہ دوستی کا جشن منارہے ہیں اور ہم دونوں برادر ممالک ہر قسم کے مسائل ومشکلات خوشی اور غم میں ساتھ کھڑے ہیں اور پاکستان کی ہر شعبہ زندگی میں ترقی ضروری ہے اور بلوچستان کی ترقی بھی اتنی ہی عزیز ہے ۔ آپ کے وفاقی اور صوبائی حکومتوں کے ساتھ مختلف منصوبوں پر کام کررہے ہیں اور آپ جلد خوشخبری سنیں گے کہ بلوچستان کیلئے بہت سے منصوبوں پر کام ہوگا اور آپ تمام دوستوں سے کہتا ہوں کہ بلوچستان کیلئے میرے اور تمام قونصلیٹ کے ساتھیوں کا بہت پیار اور لگائو ہے بلوچستان آنے اور کوئٹہ کے دورے کا پروگرام بنا رہا ہوں وہاں پر آنے کے وقت آپ سب لوگوں سے ملوں گا بلوچستان کی ترقی اور خوشحالی ہمیں بہت عزیز ہے۔

دیگر مقررین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پشتونخوا بلڈ بنک کے خدمات بہت وسیع ہیں اور اس کیلئے چین کے تعاون پران کے شکر گزار ہیں ان کے قونصل جنرل اور ساتھیوں کی دلچسپی قابل تحسین ہیں ان کے آئندہ دورہ کوئٹہ کے دوران کیلئے انہیں خوش آمدید کہتے ہیں اور یہ توقع رکھتے ہیں کہ وہ پشتونخوا بلڈ بنک اور ڈاکٹر کلیم اللہ ہیلتھ فائونڈیشن کا دورہ کرکے اپنے تعاون کو مزید وسیع کرینگے ۔ انہوں نے کہا کہ چائنا کے قونصل جنرل لی بی جین ،کونسل جنرل آف چائنا ان کراچی اور چائنا حکومت اور ان کے عوام کے مشکور ہیں کہ انہوں نے ہمارے پسماندہ صوبے میں پشتونخوا بلڈ بنک کے سماجی خدمات پر تعاون اور بلڈ مشین ودیگر سامان فراہم کیا ۔