|

وقتِ اشاعت :   June 17 – 2015

اسلام آباد: وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق قتل کیس میں تیزی کے ساتھ پیش رفت ہو رہی ہے ،لندن پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں ،قاتلوں کو جلد قانون کے کٹہرے میں لائیں گے ،پاکستان کے خلاف جو بھی ہتھیار اٹھا ئے گا انکے خلاف رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گی ،بلوچستان میں ہتھیار ڈالنے والے قومی دھارے میں شامل ہوئے ہیں جو خوش آئند ہے،دہشت گردی کے خاتمے کیلئے صوبائی حکومتوں کے ساتھ وفاق مکمل تعاون کرے گا۔منگل کے روز یہاں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ڈی جی رینجرز نے قانون سے ہٹ کر کوئی بیان نہیں دیا ہے ، ڈی جی رینجرز نے ایپکس کمیٹی کے اجلاس کے دوران ایک سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور تجاویز پیش کیں۔رینجرز نے کراچی میں ایک سال کے دوران لازوال قربانیاں دی ہیں اور امن و امان کیلئے رینجرز نے اہم کردار اد اکیا ہے،کراچی میں رینجرز کی موجودگی اعتماد کا نشان بن چکی ہے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ایم کیو ایم کے رہنما ڈاکٹر عمران فاروق کے قاتلوں کو جلد ہی قانون کے کٹہرے میں لایا جائیگا،لندن پولیس کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں اور تیزی کے ساتھ اہم پیش رفت ہو رہی ہے جس کی آئندہ ہفتے تفصیلی بریفنگ دوں گا۔ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار علی خان نے آرمی ایکٹ بل کی مدت ختم ہوگئی تھی اس لئے دوبارہ قومی اسمبلی میں بل کی توسیع ضروری تھی،سنجیدہ انداز میں مسائل حل کرنا بہت بہتر ہے اور یہ جمہوری روایات کیلئے احسن اقدام ہے،ایشوز کو سیاسی بیانات کی بھینٹ چڑھا کر قوم کی خدمت نہیں کر سکتے۔ایک اور سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ گورنر سندھ کی تبدیلی کے حوالے سے کوئی زیر غور نہیں ہے اس حوالے سے خبریں بے بنیاد ہیں۔وزیر داخلہ نے کہا کہ دہشت گردی کے خاتمے کیلئے وفاق صوبوں کے ساتھ مل کر جنگ لڑرہا ہے اور اس حوالے سے صوبوں کی بھر پور مدد کی جارہی ہے،انہوں نے کہا کہ پاکستان کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے خلاف رکاوٹیں کھڑی کی جائیں گی،ہتھیار اٹھانے والوں کے خلاف مذاکرات کا آپشن موجود ہے،بلوچستان میں پاکستان کے خلاف جنگ لڑنے والوں نے ہتھیار ڈالنا شروع کر دیئے ہیں جو کہ خوش آئندہے۔ایک سوال کے جواب میں چوہدری نثار علی خان نے کہا کہ پاسپورٹ کے حوالے سے بہت سے مسائل حل کر دیئے ہیں ہماری کوشش ہے کہ کوئی غریب لوگ پاسپورٹ لینے آئیں تو ان کو کوئی تکلیف نہ ہو۔