مسلم لیگ ن کے رہنما رانا ثنااللّٰہ کا سابق وزیراعظم نواز شریف کی وطن واپسی سے متعلق کہنا ہے کہ پارٹی کا فیصلہ ہے کہ جب تک انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی نہیں ہوتی اُنہیں واپس نہیں آنا چاہیے۔
قومی اسمبلی کے اجلاس کے بعد ثنااللّٰہ نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ نوازشریف جب واپس آنا چاہیں گے آ جائیں گے، الیکشن سے قبل نوازشریف کی واپسی کا فیصلہ ان کا اپنا ہوگا، پارٹی نوازشریف کو انصاف کی فراہمی کی یقین دہانی چاہتی ہے۔
رانا ثنااللّٰہ نے کہا ہے کہ ن لیگ میں وزیراعظم کے امیدوار کے حوالے سے کوئی ابہام نہیں، ن لیگ میں جب بھی وزیراعظم کی بات آتی ہے تو وہ ایک ہی نام نوازشریف ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اگر کسی وجہ سے نوازشریف نہیں ہوں گے تو ان کی جگہ ہمارے سینئر ترین رہنما شہبازشریف ہیں۔