سابق صدر آصف علی زرداری نے بی بی شہید کی 14ویں برسی کے موقع پر کہا کہ بینظیر بھٹو کے ہر خواب کی تعبیر کریں گے۔
آصف علی زرداری کا کہنا تھا کہ عوام کو معاشی مشکلات سے نجات کیلئے جدوجہد جاری رکھیں گے، ملک ہمارے لیے اپنی جانوں سے زیادہ عزیز ہے، ملک کی آزادی ، وقار اور عزت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ آج ملک خطر ناک صورتحال سے گزر رہا ہے ، ملک کی معیشت تباہ ہو گئی ہے ، خارجہ امور زبوں حالی کے شکار ہیں، قانون کو موم بنا دیا گیا ہے، پارلیمنٹ کا وقار بے توقیر کیا جا رہا ہے۔
سابق صدر نے مزید کہا کہ 2013کے بعد مسلسل پارلیمنٹ کے اختیار پر حملے ہو رہے ہیں، صبر اور برداشت ہماری کمزوری نہیں ہے ہمارا اصول ہے۔
یاد رہے آج شہید بینظیر بھٹو کی برسی منائی جا رہی ہے۔ جس کے سلسلے میں گڑھی خدا بخش بھٹو میں ملک بھر سے جیالوں کی آمد کا سلسلہ جاری ہے۔ جیالے اپنی شہید قائد کو خراج عقیدت پیش کر رہے ہیں، جیالوں کے قافلے میں خواتین اور بچوں کی بڑی تعداد شامل ہے۔
ستائیس دسمبر 2007 کو بینظیر بھٹو راولپنڈی کے مشہور لیاقت باغ میں جلسے سے خطاب کے بعد واپس روانہ ہوئیں۔ کارکنوں کے نعروں کا جواب دینے کے لیے جونہی گاڑی سے سر باہر نکالا، قاتل نے گولی چلا دی، یوں دختر مشرق ہمیشہ کےلیے ابدی نیند سو گئیں۔