پاکستان مسلم لیگ (ن) پنجاب کی ترجمان عظمیٰ بخاری نے کہا ہے کہ پاکستان میاں نواز شریف کا ملک ہے، انہیں اپنے وطن آنا ہے۔
لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری نے حکمراں جماعت پر تنقید کے نشتر چلاتے ہوئے کہا ہے کہ پرانے پاکستان میں کھاد ملتی تھی، نئے پاکستان میں بھنگ ملا کرے گی۔
عظمی بخاریٰ نے کہا کہ حسان خاور صاحب پر چی پر آئے ہیں، بادشاہ سلامت کی چاکری کر رہے ہیں۔
ترجمان ن لیگ پنجاب کا کہنا تھا کہ شفقت محمود صاحب نے اعتراف کیا کہ پنجاب پی ٹی آئی کا قلعہ نہیں ہے۔
انہوں نے کہا کہ کسان کارڈ کی حالت یہ ہے کہ اس پر کچھ نہیں مل رہا، پنجاب کے 6 بڑے شہروں میں کسان احتجاج کر رہے ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ پنجاب صرف اپنی ہی نہیں باقی صوبوں کی غذائی ضرورت بھی پوری کرتا ہے۔
پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ ہمیں پیپلز پارٹی کی پیسے کی سیاست سے خطرہ ہے، زرداری ہاؤس اتنا بڑا ہے انہیں خیمہ لگانے کی کوئی ضرورت نہیں۔
عظمیٰ بخاری نے یہ بھی کہا کہ آپ انتظار کریں، میاں صاحب بہت جلد ہمارے درمیان ہوں گے۔