|

وقتِ اشاعت :   December 30 – 2021

مسلم لیگ نون کی ترجمان مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں لاہور میٹرو بس کے سستا ترین ہونے کے حکومتی اعتراف کے بعد عمران صاحب ایک بار پھرجھوٹے ثابت ہوگئے، شہباز شریف کے ہر عوامی ریلیف کے منصوبے کو عمران صاحب نے جھوٹ بول کر متنازع بنایا۔

مریم اورنگزیب نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ پی ٹی آئی حکومت نے خود تسلیم کر لیا کہ لاہور میٹرو منصوبہ 29 اعشاریہ61 ارب روپے میں مکمل ہوا، یہ سستا ترین منصوبہ ہے کا حکومتی اعتراف نواز شریف اور شہباز شریف کی امانت ، دیانت اور اہلیت کا اعتراف ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ عمران صاحب جب بھی بولتے ہیں ،جھوٹ ہی بولتے ہیں، جھوٹ کا کنٹینر سے شروع ہونے والا سفر آج تک جاری ہے اور ہر روز بے نقاب ہورہا ہے۔

ترجمان نون لیگ نے کہا کہ عمران صاحب کا ہر الزام پاکستان اور برطانیہ کی عدالتوں میں جھوٹ ثابت ہو چکا ہے، مریم اورنگزیب نےکہا کہ عمران صاحب جھوٹ بولتے رہے کہ میٹروز 150 ارب میں بنی ہیں ،وہ میٹرو کو جنگلا بس بھی کہتے رہے، جبکہ خود پشاور میں 126 ارب کی لاگت سے بی آر ٹی بنائی۔