|

وقتِ اشاعت :   January 3 – 2022

وزیراعظم عمران خان کی سابقہ اہلیہ ریحام خان کی گاڑی پر فائرنگ کا واقعہ پیش آیا ہے، موٹرسائیکل سواروں نے ریحام خان کو گاڑی سے اتارنے کی کوشش بھی کی۔

ریحام خان نے ٹوئٹر پر جاری پیغام میں دعویٰ کیا کہ جب وہ اپنے بھتیجے کی شادی سے واپس آرہی تھیں تو 2 موٹر سائیکل سواروں نے ان کی گاڑی پر فائرنگ کی اور گن پوائنٹ پر گاڑی کو روکنے کی کوشش کی۔

ریحام خان نے اپنے ساتھ پیش آئے ناخوشگوار واقعے پر حکومت کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور کہا کہ اس نام نہاد حکومت کو ایسے واقعات کا  جوابدہ ہونا چاہیے۔

ریحام خان کے پرسنل سیکریٹری نے  اسلام آباد کے تھانہ شمس کالونی میں مقدمے کے اندراج کے لیے درخواست دی ہے۔

درخواست میں مدعی بلال عظمت نے بتایا ہے کہ گزشتہ رات راولپنڈی سے اسلام آباد آتے ہوئے دو موٹر سائیکل سواروں نے اُن کو روک کر گاڑی سے اتارنے کی کوشش کی۔

درخواست میں موٹر سائیکل سواروں کی عمر 25 سے 30 برس بتائی گئی۔

پاکستانی نژاد برطانوی صحافی اور سابق ٹی وی اینکر، ریحام خان کی عمران خان سے 2014 میں شادی ہوئی تھی جو 30 اکتوبر 2015 میں ختم ہوئی ۔ 48 سالہ ریحام خان عمران خان سے علیحدگی کے بعد سے حکومت پر کڑی تنقید کرتی دکھائی دیتی ہیں۔