|

وقتِ اشاعت :   January 3 – 2022

کوئٹہ : نیشنل پارٹی کے سربراہ ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا ہے کہ نیشنل پارٹی انسانیت کی قائل ہے اور انسانیت کی خدمت اور اس کے فلاح کیلئے کرادر نھبانے کو باوقار و مثبت سماج اور شعوری و فکری سیاست کی بنیاد قرار دیتی ہے لیکن ریاست نے انسانیت کے بجائے طبقاتی تفریق لسانی تعصب اور مذہبی منافرت سمیت دیگر منفی روش کو پروان چڑھایا جس کی بدولت آج کی جدید دور میں بھی ملکی سماج تشدد و عدم برداشت کا بدترین شکار ہے۔

اور آئے دن انسانیت سوز واقعات سے انسانیت شرمسار ہوتی ہے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز میتھو ڈسٹ چرچ آف پاکستان کوئٹہ میں عصرانے اور کرسمس کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر نیشنل پارٹی کے مرکزی کمیٹی کے ممبر راحت ملک نامور دانشور آغا گل صوبائی ترجمان علی احمد لانگو صوبائی ڈپٹی جنرل سیکرٹری حاجی عبدالصمد بلوچ ممبر ورکنگ کمیٹی انیل مسیح بلوچ محمود رند ضلعی کیچ کے صدر مشکور انور صدیق کیھتران ڈاکٹر غلام محمد کیھتران ضلعی جنرل سیکرٹری کوئٹہ ریاض زہری آصف جان مسیح ناصر مسیح سنگت قادر عارف کرد ذیشان شوکت ڈاکٹر عابد سمیت دیگر موجود تھے۔تقریب سے پادری سمن بشیر پاسٹر آصف جان اور نامور دانشور آغا گل نے بھی خطاب کیا۔ڈاکٹر مالک بلوچ نے کہا کہ ملک میں مسیحی عوام کی بڑی خدمات ہے۔

لیکن ریاست نے مسیحی عوام کو ریاستی سطح پر وہ مقام فراہم نہیں کیا جس کا وہ حقیقی معنوں میں حقدار ہے۔انہوں نے کہا کہ مسیحی عوام کی بلوچستان میں بھی نمایاں خدمات ہے۔ تعلیم صحت سمیت دیگر شعبوں کی بنیاد رکھنے میں اولین کرادر ادا کیا ہے۔جن کو نیشنل پارٹی قدر کی نگاہ سے دیکھتی ہے۔انہوں نے کہا کہ بلوچستان کی بدقسمتی یہی ہے کہ یہاں کی عوام آپس میں سیاسی طور پر نہ جوڑ سکے جس کا خمیازہ صوبے کو بھگتنا پڑا رہا ہے۔نیشنل پارٹی کی حقیقی خواہش و جدوجہد ہے کہ بلوچستان کے تمام طبقات کو نیشنل پارٹی کے پلیٹ فارم میں متحد کریں اور جس دن نیشنل پارٹی اس جدوجہد میں کامیاب ہوگیا تب بلوچستان کے حقوق کو غصب کرنے کی کسی کو جرات نہیں ہوگی۔