|

وقتِ اشاعت :   January 27 – 2022

کوئٹہ :  بی این پی کے رہنما ء ناصر دہوار نے بلوچستان نیشنل پارٹی کے نومنتخب صدرو رکن قومی اسمبلی سردار اخترجان مینگل اور پوری کابینہ کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ کامیاب کونسل سیشن کے بعد بی این پی کے عہدیداروں کا انتخاب جمہوری عمل کا تسلسل ہے۔

بلوچستان نیشنل پارٹی کے نومنتخب مرکزی عہدیداران اور سینٹرل کمیٹی کے ممبران پارٹی کارکنوں کے توقعات پر پورا اترتے ہوئے اپنی زمہ داریوں کو احسن طریقے سے نبھاتے ہوئے سائل و وسائل کا دفاع کرینگے۔

جمعرات کو اپنے جاری کردہ بیان میں بلوچستان نیشنل پارٹی کے رہنما ء ناصر دہوار نے کہا کہ بی این پی ایک جمہوری سیاسی پارٹی ہے جس میں کارکنوں کی آراء اور تجاویز کی روشنی میں باقاعدہ جمہوری طریقے سے کونسل سیشن کے موقع پر انتخابات ہوتے ہیں اور مرکزی و صوبائی سطح کے عہدیداران کا انتخاب عمل میں لایا جاتا ہے، اور کوئٹہ میں کامیاب کونسل سیشن کا کریڈٹ بی این پی کوئٹہ کے دوستوں کو جاتا ہے جنہوں نے شب و روز محنت کرکے آنے والے مہمانوں کا خصوصی خیال رکھا اور اچھے طریقے سے مرکزی کونسل سیشن کے انتظامات کو مکمل کیا۔

انہوں نے کہا کہ سابق وزیراعلیٰ اور رکن قومی اسمبلی سردار اخترجان مینگل نے ہمیشہ کارکنوں کو عزت بخشی ہے اور تین روزہ مرکزی کونسل سیشن کے کامیاب انعقاد اور نومنتخب عہدیداروں پر اب بھاری ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ پارٹی کو ایک بار پھر بلوچستان کا مقبول ترین جماعت بنانے کیلئے اپنی توانائیاں صرف کریں۔