کوئٹہ: محکمہ تعلیم سکولز میں اساتذہ کی پوسٹوں کو اپ گریڈ کیا جائے اور سینئرز اساتذہ کو پرموشن دیا جائے۔
وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کے صوبائی ترجمان نے جاری کردہ بیان میں کہا کہ اس وقت محکمہ تعلیم سکولز میں اساتذہ کسمپرسی کا شکار ہیں دیگر صوبوں میں اساتذہ کے بنیادی سکیل اپ گریڈ کر دئے گئے مگر بد قسمتی سے بلوچستان میں کوئی پرسان حال نہیں ڈسپیریٹی رڈیکشن الاونس تمام صوبوں کو پچیس فیصد دیا گیا بلوچستان کے پسماندہ صوبے کے ملازمین کو پندرہ فیصد الاونس دیا گیا اس ناروا سلوک کو وطن ٹیچرز ایسوسی ایشن بلوچستان کسی صورت برداشت نہیں کرے گی۔
انہوں نے کہا کہ انتظامی پوسٹوں پر بلوچستان بھر میں جونیئرز کو بطور آفیسران تعینات کیا گیا ہے جو کہ سینئرز کی حق تلفی ہے بلوچستان کے تعلیمی دفاتر اور سکولوں میں جونیئرز آفیسران ایکٹنگ چارج کے تحت کام کر رہے جس سے تعلیمی اداروں میں بیشتر مسائل جنم لے رہے ہیں ایک طرف بلوچستان پہلے ہی تعلیمی پسماندگی کا شکار ہے رہی سہی کسر اس طرح کے فیصلوں نے پوری کر دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ افسوسناک امر یہ ہے کہ گزشتہ دنوں محکمہ فنانس نے منصوبے کے تحت ایک نوٹیفکیشن کے ذریعے اساتذہ کو پچھلے کئی سالوں سے حاصل کی مراعات کو بھی ختم کر دیا ہے ٹائم سکیل جو بلوچستان بھر کے اساتذہ نے تاریخی جدوجہد کے بعد حاصل کیا تھا اس نوٹیفکیشن کو ختم کرنے کا مقصد اساتذہ کو احتجاج کے لئے اکسانا ہے ایک طرف پہلے ہی بلوچستان میں ڈاکٹرز پیرا میڈیکل۔سیکٹیریٹ ملازمین و دیگر تنظیمیں احتجاج پر ہیں اور حکومت خود اساتذہ کو بھی سڑکوں پر نکلنے کی دعوت دے رہی ہے اساتذہ کو نا ہیلتھ کی کوئی سہولت ہے نا ہی رہائیشی سہولیات فراہم کی گئیں ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ٹیچنگ الاونس پانچ سو روپیہ ایک استاد کے ساتھ مزاق کے مترادف ہے ہم نے کئی دفعہ حکومت کو اساتذہ کے ڈیمانڈ نوٹس پر عملدرآمد کرنے کا کہا ہے لیکن مسائل حل کرنے کی بجائے مزید مسائل پیدا کئے جا رہے ہیں سینئرز اساتذہ کرام پچاس فیصد پرموشن کوٹہ کی امید میں ریٹائرمنٹ کے قریب پہنچ چکے ہیں اور کافی ریٹائر ہو گئے ہیں لیکن 2006 سے تا حال پچاس فیصد پرموشن کوٹہ پر عملدرآمد نہیں کیا گیا۔
محکمہ تعلیم میں سینئیر اساتذہ کے شاگردوں کو بطور ہیڈ ماسٹر ڈی ڈی او تعینات کر کے ان کو جونیئرز کے ما تحت کر دیا گیا ہےجو کہ کسی المیہ سے کم نہیں جب تک ایجوکیشن میں سینئرز اساتذہ کا پچاس فیصد پرموشن کوٹہ اپ گریڈیشن ٹائم سکیل بحال کر کے کے ری شیڈول نہیں کیا جاتا اس وقت تک تعلیم میں بہتری نہیں آ سکتی۔
محکمہ تعلیم میں سیاسی اور سفارشی کلچرز کا خاتمہ نا گزیر ہے ہم وزیر تعلیم میر نصیب اللہ مری سے اپیل کرتے ہیں کہ تعلیمی اداروں کی بہتری کے لئے سینئیر اساتذہ کے پچاس فیصد پرموشن کوٹہ پرموشن پر عملدرآمد اپ گریڈیشن اور ٹائم بحالی کا نوٹیفکیشن جلد از جلد جاری کیا جائے تا کہ اساتذہ تعلیم کی ترقی میں اپنا کردار ادا کر سکیں۔