کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع مستونگ میں باراتیوں کی بس پر فائرنگ سے خاتون سمیت دو افراد جاں بحق جبکہ دو بچے زخمی ہوگئے۔ لیویز کا کہنا ہے کہ واقعہ کی وجہ رشتے کا تنازعہ ہے۔ اسسٹنٹ کمشنر دشت شفقت انور شاہوانی کے مطابق واقعہ مستونگ کی تحصیل دشت کے علاقے بنڈی در پیش آیا جہاں مسلح افراد نے بارات لے کر جانے والی بس پر اندھا دھند فائرنگ کردی۔ حملے کے نتیجے میں خاتون ناز بی بی زوجہ پیر محمد ساتکزئی اور ایک بچہ قادر بخش ولد محمد عثمان ساتکزئی جاں بحق ہوگئے۔ سولہ سالہ سراج احمد ولد محمد ہاشم ساتکزئی اور اس کا چودہ سالہ بھائی عبدالواجد بھی فائرنگ کی زد میں آکر زخمی ہوگئے۔ فائرنگ کے بعد ملزمان فرار ہوگئے۔ اطلاع ملنے پر لیویز موقع پر پہنچ گئیں اور زخمیوں کو سول اسپتال کوئٹہ منتقل کردیا گیا۔ ڈاکٹروں کے مطابق سراج احمد کو پیٹ میں جبکہ عبدالواجد کو ہاتھ میں گولی لگی ہے۔ لیویز کے مطابق باراتیوں کی بس کوئٹہ کے نواحی علاقے یونین کونسل زڑخو سے دشت جارہی تھی۔ فائرنگ کی وجہ رشتے کا تنازعہ بتایا جاتا ہے۔