کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع کیچ میں نامعلوم ڈاکوؤں نے فائرنگ کرکے ایرانی باشندے کو قتل جبکہ اس کے بھائی کو زخمی کردیا۔ لیویز کے مطابق واقعہ جمعہ اور ہفتہ کی درمیانی شب ضلعی ہیڈ کوارٹر تربت سے تقریباً ساٹھ کلو میٹر دور تحصیل بلیدہ کے علاقے گروک میں پیش آیا جہاں چار مسلح ڈاکوؤں نے ایک ایرانی ساختہ گاڑی کو اسلحہ کے زور پر روکا ۔ ڈاکوؤں نے مزاحمت پر گاڑی میں سوار جابر ولد خان محمد کو فائرنگ کرکے قتل کردیا جبکہ مقتول کا بھائی عابد بھی فائرنگ سے شدید زخمی ہوا۔ فائرنگ کے بعد ڈاکو گاڑی چھین کر فرار ہوگئے۔ زخمی کو ابتدائی طبی امداد کے بعد کراچی منتقل کردیا گیا۔ دونوں بھائی بلوچستان سے ملحقہ ایرانی صوبے سیستان بلوچستان کے رہائشی بتائے جاتے ہیں۔