|

وقتِ اشاعت :   September 21 – 2015

کوئٹہ:  بلوچستان کی سیاسی و مذہبی جماعتوں نے وفاقی حکومت کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اگر گوادر کاشغر روٹ کو تبدیل کرنے کی کوشش کی تو یہ ملک کی سلامتی کیلئے خطرناک ثابت ہوگا سب سے پہلے گوادر تا ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان روڈ بنایا جائے پھر بلوچستان کی عوام کو کسی بھی روٹ پر اعتراز نہیں ہوگا اگر اس دفعہ بلوچستان کی عوام کو وفاق نے دھوکہ دیا تو دمادم مست قلندر ہوگا کوئی مائی کا لال گوادر کاشغر روٹ کو تبدیل نہیں کرسکتا بلوچستان اسمبلی کے اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء و سابق سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر ‘ عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئرزمرک خان اچکزئی ‘ ہزارہ ڈیموکریٹک پارٹی کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ نے ’’آن لائن‘‘ سے بات چیت کرتے ہوئے کیا اپوزیشن لیڈر مولانا عبدالواسع نے کہا کہ ہمیں پہلے ہی خدشہ تھا کہ وفاقی حکومت ایک بارپھر بلوچستان کی عوام کو دھوکہ دے گی اور اب یہ شک یقین میں تبدیل ہورہا ہے ہمیں کچھ نہیں چاہے اس روٹ کو فوری طورپر گوادر سے سوراب ‘ کوئٹہ ‘ قلعہ سیف اللہ ‘ ژوب اور ڈیرہ اسماعیل خان سے ہوتے ہوئے کاشغر تک پہنچایا جائے جب تک یہ روٹ نہیں بنے گا اس وقت تک ہم چین سے نہیں بیٹھیں گے وفاقی حکومت نے 28 مئی کو ہونیوالی آل پارٹیز کانفرنس میں واضح کیا تھا کہ گوادر کاشغر روٹ کو تبدیل نہیں کیاجائے گا اگر اس کے باوجود بلوچستان کے عوام یا خیبرپختونخوا کے عوام کیساتھ دھوکہ دیا تو اس کے خطرناک نتائج برآمد ہونگے انہوں نے کہاکہ ہم وفاقی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ فوری طورپر اس روٹ پر کام شروع کیا جائے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے مرکزی رہنماء و سابق سینیٹر سردار یعقوب خان ناصر نے کہا ہے کہ اب تک ہمیں پتا نہیں کہ اقتصادی راہداری کے روٹ کو تبدیل کیا گیا اگر ایسا ہوا تو یہ فیصلہ ہمیں منظور نہیں ہوگا گوادر کاشغر روٹ کو تبدیل نہ کیا جائے کیونکہ اس روٹ کی تبدیلی سے پاکستان مشکل میں پھنس جائے گا اور ہمارے ساتھ کئے وعدوں کو خلاف ورزی نہ کی جائے عوامی نیشنل پارٹی کے پارلیمانی لیڈر انجینئر زمرک خان اچکزئی نے کہا کہ عوامی نیشنل پارٹی نے اس روٹ کی تبدیلی کے حوالے سے پہلے بھی احتجاج کیا اور اب بھی احتجاج کریں گے اگر کسی نے بھی گوادر کاشغر اقتصادی راہداری کو تبدیل کرنے کی کوشش کی تو یہ پاکستان کی سلامتی کیلئے خطرناک ثابت ہوگا حکمرانوں کو کالا باغ ڈیم منصوبے کی طرح اس منصوبہ کو متنازعہ نہ کیا جائے اس روٹ سے پشتونوں اور بلوچوں کا مستقبل وابستہ ہے اور وفاقی حکومت کی جانب سے جو وعدہ کیا ہے اس کو پورا کیا جائے گا بصورت دیگر یہاں دما دم مست قلندر ہوگا ہزارہ ڈیموکریٹک کے چیئرمین عبدالخالق ہزارہ نے کہا کہ وفاق نے ہمیشہ بلوچستان کی عوام کیساتھ سوتیلی جیسا سلوک کیا ہے اور اس سلوک کو بند کیا جائے جو وعدہ بلوچستان کی عوام کیساتھ کیا گیا ہے اس کو پورا کیا جائے وفاقی حکومت نے گوادر کاشغر روٹ کو تبدیل کیا تو اس کے نتائج مستقبل میں خطرناک ثابت ہونگے اور وفاقی حکومت کو چاہئے کہ بلوچستان کی احساس محرومی ختم کرنے کیلئے اس روٹ کو فوری طورپر تعمیر کرے۔