کوئٹہ: کوئٹہ کے علاقے سمنگلی روڈ سے چھ سالہ بچے کی تشدد زدہ لاش برآمد کرلی گئی ہے۔ پولیس کے مطابق اسمنگلی روڈ آخری اسٹاپ کے رہائشی محمد رحیم لانگو کا چھ سالہ بیٹا ولی محمد چار اکتوبر کو گھر سے نکلنے کے بعد لاپتہ ہوگیا تھا اور اس سلسلے میں پولیس تھانہ ایئر پورٹ میں رپورٹ بھی درج کرائی گئی تھی۔ جمعرات کو بچے کی ڈھانچہ نما لاش گھر سے کچھ فاصلے پر کھیتوں کے قریب ملی ۔ پولیس نے موقع پر پہنچ کر لاش سول اسپتال پہنچائی۔ ڈاکٹروں کے مطابق بچے کی لاش مسخ ہوچکی ہے اور جسم سے جانوروں نے گوشت بھی نوچا ہے جس کی وجہ سے موت کا سبب معلوم کرنے میں دشواری ہوری ہے۔ بچے کے والد کا کہنا ہے کہ ان کی کسی کے ساتھ دشمنی یا تنازعہ نہیں ہے۔ پولیس نے مقدمہ درج کرکے تفتیش شروع کردی ہے۔