|

وقتِ اشاعت :   October 17 – 2015

تربت:  وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے تربت اور گوادر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے ہدایت کی ہے کہ دونوں اضلاع کے دور افتادہ علاقوں میں قانون کی عمل داری کو یقینی بنانے کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربت میں امن و امان سے متعلق اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا، اس موقع پر کمشنر مکران ڈویژن بشیر احمد بنگلزئی، ڈپٹی کمشنر مکران ممتاز علی بلوچ، ڈپٹی کمشنر گوادر عبدالحمید ابڑو، ڈی پی او کیچ عمران قریشی سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس میں تربت اور گوادر میں امن و امان کی مجموعی صورتحال کا جائزہ لیا گیا۔ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے دونوں اضلاع میں امن وامان کی مجموعی صورتحال پر اطمینان کا اظہار کیا اور ہدایت کی کہ دونوں اضلاع کے دور افتادہ علاقوں میں بھی امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے قانون کی عمل داری کو یقینی بنانے اور عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لیے ٹھوس بنیادوں پر اقدامات اٹھائے جائیں، انہوں نے کہا کہ پولیس ، لیویز اور قانون نافذ کرنے والے دیگر اداروں کے باہمی روابط ،کوششوں اور عوام کے تعاون کے نتیجے میں امن و امان کی صورتحال میں بہتری آئی ہے، انہوں نے کہا کہ جرائم پیشہ عناصر کے خلاف کاروائیوں میں فورسز کو حکومت اور عوام کی بھرپور حمایت حاصل ہے، صوبائی حکومت فورسز کی پشت پر کھڑی ہے، انہوں نے کہا کہ یہاں کی ترقی و خوشحالی امن سے وابستہ ہے، قیام امن پر حکومت کوئی سمجھوتہ نہیں کرے گی، وزیر اعلیٰ نے پولیس اور لیویز کے معمول کے گشت میں اضافے اور تھانوں کو مزید فعال بنانے کی بھی ہدایت کی۔وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ تربت شہر میں جاری ترقیاتی منصوبوں کو معاہدے کے مطابق مقررہ مدت میں مکمل کیا جائے اور شہر کے مرکزی شاہراہ کی توسیع کے منصوبے میں متاثرہ دکانوں کی فوری طور پر تعمیر کی جائے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے تربت سٹی ڈویلپمنٹ سے متعلق اجلاس ے خطاب کرتے ہوئے کیا، اجلاس میں پروجیکٹ ڈائریکٹر تربت سٹی ڈیولپمنٹ/کمشنر مکران بشیر احمدبنگلزئی ‘ ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر سٹی ڈیولپمنٹ انجینئر رفیق احمد ‘ ڈی سی کیچ ممتازعلی بلوچ ‘ ڈائریکٹر ڈیولپمنٹ مکران اصغررمضان بھی موجود تھے ، وزیر اعلیٰ کو منصوبے پر پیش رفت سے متعلق تفصیلی طور پر آگاہ کیا گیا، وزیر اعلیٰ نے کہا کہ منصوبے کو بروقت اور معیار کے مطابق مکمل کرنے کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو فوری طور پر دور کیا جائے اور شہر کی مرکزی شاہراہ کی تکمیل پر خصوصی توجہ دی جائے، تاکہ تاجروں اور عوام کو مشکلات سے چھٹکارہ مل سکے، قبل ازیں ڈپٹی پروجیکٹ ڈائریکٹر انجینئر رفیق بلوچ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ سٹی ڈیولپمنٹ پروجیکٹ کے لیے بروقت فنڈزکااجراء ہواہے اورمنصوبے میں شامل بیشتر کام پایہ تکمیل تک پہنچ چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ کام چند ماہ میں مکمل کر لیا جائیگا۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے تربت میں شہرستان ہاؤسنگ اسکیم افتتاح کیا ‘ افتتاحی تقریب میں پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ نسیم لہڑی ‘ کمشنر مکران ڈویژن بشیر احمدبنگلزئی ‘ وائس چانسلر یونیورسٹی آف تربت پروفیسر ڈاکٹرعبدالرزاق صابر ‘ میونسپل کارپوریشن تربت کے مےئر قاضی غلام رسول بلوچ‘ پروجیکٹ ڈائریکٹر یونیورسٹی آف تربت منظوراحمد بلوچ ‘ ڈپٹی کمشنر کیچ ممتازعلی بلوچ ‘ ڈپٹی کمشنر گوادر عبدالحمید ابڑو سمیت دیگر سرکاری افسران ‘سیاسی وسماجی شخصیات نے شرکت کی ،اس موقع پر وزیر اعلیٰ بلوچستان کو شہرستان ہاؤسنگ اسکیم کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ مذکور ہاؤسنگ اسکیم میں 1000اور 500گز کے 200پلاٹ ہیں ، جو آسان اقساط پر لوگوں کو فراہم کئے جائیں گے، اس موقع پر وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ نے کہاکہ تربت شہر کی بڑھتی ہوئی رہائشی ضروریات کوپورا کرنے اور تربت یونیورسٹی اورایجوکیشن سٹی کے قرب وجوار میں جدید شہربسانے میں شہرستان ہاؤسنگ اسکیم انتہائی اہمیت کی حامل ہے، انہوں نے کہا کہ ‘شہرستان اسکیم میں زندگی کی تمام بنیادی ضروریات وسہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا، وزیراعلیٰ نے کہاکہ پاکستان کامستقبل بلوچستان ہے اوربلوچستان کی ترقی کا گیٹ وے مکران ہے شہرستان ہاؤسنگ اسکیم اس گیٹ وے کی اہمیت وافادیت اجاگر کرنے کاباعث بنے گی۔