ایسٹ لندن: جنوبی افریقا کے ایک نائٹ کلب میں 18 سے 20 سال کی عمر کے 20 طلبا کی لاشیں ملی ہیں۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جنوبی افریقا کے شہر ایسٹ لندن کے سینری پارک میں واقع نائٹ کلب سے 20 نوجوان مردہ پائے گئے۔ نوجوانوں کی عمریں 18 سے 20 سال کے درمیان ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ لاشیں میزوں کے نیچے، کرسی اور فرش پر پڑی ہوئی تھیں اور نوجوانوں کے جسم پر تشدد یا زخم کا کوئی نشان نہیں تھا۔ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے اسپتال منتقل کردیا گیا۔
پولیس کے مطابق جائے وقوعہ سے ایسے بھی شواہد نہیں ملے کہ واقعہ بھگدڑ مچنے سے پیش آیا ہو اور ہلاک ہونے والے قدموں تلے کچلے گئے ہوں۔
اموات کی وجوہات کے تعین کے لیے انکوائری کمیٹی تشکیل دیدی گئی۔ نائٹ کلب کے باہر والدین اور شہریوں کی بڑی تعداد جمع ہوگئی۔