عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آصف زرداری اور دیگر لوگوں نے لاہور کے لکشمی چوک پر مسلم لیگ (ن) کو دفن کردیا۔
میڈیا سے بات کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا کہ ضمنی الیکشن میں عوام نے پی ٹی آئی کے حق میں فیصلہ دیا، قوم نے غیر ملکی سازش کو بے نقاب کیا، گزشتہ روز کے الیکشن سے اسٹیبلشمنٹ کو بھی عزت ملی، عوام کی خوشی اسی میں تھی کہ اسٹیبلشمنٹ اپنا کام کرے اور سیاستدان اپنا کام کرے۔
شیخ رشید نے کہا کہ ان کا خیال تھا کہ انہیں یو اے ای اور قطر سے پیسے آجائیں گے لیکن موجودہ حکومت کو نا تو آئی ایم ایف سے قسط ملنی ہے نہ ہی کسی ملک نے ان کو پیسے دینے ہیں۔
سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ آصف زرداری خود کو صدر اور بیٹے کو وزیراعظم بنوانا چاہتے ہیں، آصف زرداری اور دیگر لوگوں نے لاہور کے لکشمی چوک پر مسلم لیگ (ن) کو دفن کردیا، مولانا فضل الرحمان کو فاتحہ پڑھانے کے لیے بلایا جائے۔
شیخ رشید نے کہا کہ عمران خان کا بیانیہ گھر گھر گھس گیا ہے، اس لئے جتنی جلدی الیکشن ہوجائیں بہتر ہوگا، نگراں حکومت بنائی جائے، شہباز شریف اب سی ڈی اے کے وزیر اعظم رہ گئے ہیں، اب کوئی حل نہیں، شہباز شریف ابھی تو بھاگ سکتے ہیں، شہباز شریف اسمبلیاں توڑیں اور الیکشن کا اعلان کریں۔
سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ شہباز شریف اب سی ڈی اے کے وزیر اعظم رہ گئے ہیں، اب کوئی حل نہیں،شہباز شریف ابھی تو بھاگ سکتے ہیں، شہباز شریف اسمبلیاں توڑیں اور الیکشن کا اعلان کریں۔
شیخ رشید نے کہا کہ موجودہ حکومت نے آنے کے بعد ایف آئی اے اور نیب میں اپنے بندے بھرتی کیے تاکہ عمران خان کے ساتھیوں کا جینا دوبھر کیا جائے مگر ہم بڑے لوگ ہیں حکومت میں آ کر انہیں معاف کردیں گے۔