چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی اور تمام سروسز چیفس کے اجلاس میں دفاعی افواج کی تیاریوں پر مکمل اطمینان اور مکمل اعتماد کا اظہار کیا گیا۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق چیئرمین جوائنٹ چیفس آف اسٹاف کمیٹی جنرل ندیم رضا کی زیرصدارت اجلاس میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ، نیول چیف ایڈمرل امجد خان نیازی اور ایئر چیف مارشل ظہیر احمد بابر نے شرکت کی۔
ترجمان پاک فوج کے مطابق اجلاس میں اسٹریٹجک اور روایتی پالیسیوں میں تیز رفتار پیش رفت کاجائزہ لیا۔ فورم کو قومی سلامتی صورتحال خصوصاً مغربی سرحد، خیبر پختونخوا اور بلوچستان کی صورتحال پر بھی بریفنگ دی گئی۔
آئی ایس پی آر کے مطابق خطے میں پائیدار ترقی کیلئے افغان امن کی اہمیت اور مسلح افواج کی آپریشنل تیاریوں پر بھی غور گیا گیا۔
ترجمان کے مطابق فورم نے دفاعی افواج کی تیاریوں پر مکمل اطمینان اور مکمل اعتماد کا اظہار کیا، شرکاء نے مسلح افواج کے تمام خطرات کا جواب دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق شرکاء نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں سیکیورٹی اداروں کی قربانیوں کو بھی سراہا۔