|

وقتِ اشاعت :   November 7 – 2015

کوئٹہ:  کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر معروف فزیشن ڈاکٹر سید خالد شاہ کے اغواء کی کوشش ناکام بنادی گئی۔ مزاحمت پر اغواء کاروں کی فائرنگ سے ڈاکٹر کا محافظ اور پرسنل سیکریٹری زخمی ہوگئے۔ پولیس کے مطابق ڈاکٹر سید خالد شاہ ڈبل روڈ پر واقع اکرم اسپتال میں کلینک پر مریضوں کا معائنہ کرنے کے بعد معمول کے مطابق واپس گاڑی میں گھر جارہے تھے کہ اسپتال کے قریب نامعلوم مسلح افرادنے ان کی گاڑی نمبرAKV050کو اسلحہ کے زور پر روک لیا ۔ ملزمان نے ڈاکٹر خالد شاہ کو اغواء کرنے کی کوشش کی تو ان کے محافظ نے مزاحمت کی جس پر ملزمان نے فائرنگ شروع کردی۔ پولیس کے مطابق فائرنگ کے نتیجے میں ڈاکٹر خالد شاہ کے ہمراہ گاڑی میں موجود پرسنل سیکریٹری حضرت علی اور محافظ عطاء اللہ زخمی ہوگئے جبکہ ایک گولی خالد شاہ کے کوٹ کو چھیرتے ہوئے گزری تاہم و ہ معجزانہ طور پر محفوظ رہے۔ ملزمان ناکامی پر فرار ہوگئے۔ واقعہ کی اطلاع ملتے ہی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور علاقے کی ناکہ بندی کرکے ملزمان کی تلاش شروع کردی۔ جبکہ دونوں زخمیوں کو اکرم اسپتال میں ہی طبی امداد دی گئی۔ پولیس کے مطابق حضرت علی کو گولی کان کے قریب لگی ہے جبکہ عطاء اللہ کو شدید زخم آئے ہیں تاہم دونوں کی حالت خطرے سے باہر ہے۔