|

وقتِ اشاعت :   September 1 – 2022

اپوزیشن جماعت گرینڈ ڈیموکریٹک الائنس (جی ڈی اے) کی خاتون رکن قومی اسمبلی (ایم این اے) نے وزیراعظم سیلاب فنڈ میں اپنی تنخواہ رضا کارانہ طور  پر دینے سے انکار کردیا۔

جی ڈی اے ممبر سائرہ بانو نے وزیراعظم سیلاب فنڈ کی تقسیم پر عدم اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے اسپیکر قومی اسمبلی کو خط لکھ دیا۔

سائرہ بانو کا کہنا ہےکہ میری تنخواہ سیلاب فنڈ میں جے ڈی سی اور  الخدمت کو  یکساں دی جائے، ہماری تنخواہ ہم سے پوچھے بغیر نہیں کاٹی جاسکتی، متاثرہ لوگوں کو ہنگامی بنیادوں پر ریلیف اور بحالی کی ضرورت ہے۔

خاتون رکن قومی اسمبلی کا مزید کہنا تھا کہ آپ نے اراکین قومی اسمبلی کی ایک ماہ کی تنخواہ کاٹ لی، فنڈکٹوتی میں نہ تو متعلقہ ایم این ایز سے مشاورت کی گئی اور نہ ہی ان کی مرضی پوچھی گئی، فنڈ پارلیمانی جماعتوں سے مشاورت کے بغیر جلد بازی میں قائم کیا گیا۔

خیال رہےکہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے اعلان کیا تھا کہ  اراکین قومی اسمبلی کی ایک ماہ کی تنخواہ سیلاب متاثرین کے لیے عطیہ کی جائےگی۔