|

وقتِ اشاعت :   September 4 – 2022

دبئی: ایشیا کپ کے سپر فور مرحلے میں پاکستان اور بھارت کی ٹیمیں ایک بار پھر آمنے سامنے ہیں، پاکستان نے ٹاس جیت کر فیلڈنگ کا فیصلہ کیا ہے، پاکستان کے فاسٹ باولر شاہ نواز دھانی کی جگہ حسنین کو شامل کیا گیا ہے۔

ایشیا کپ ٹی 20 میں گروپ میچز کے اختتام کے بعد اب سپرفور مرحلے کا آغاز ہو چکا ہے۔ جس کا آج دوسرا میچ پاکستان اور بھارت کے درمیان کھیلا جا رہا ہے۔

پاکستان کی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی ہے  اور شاہ نواز دھانی کی جگہ محمد حسنین کو ٹیم میں شامل کیا گیا ہے۔

ایشیا کپ کے گزشتہ پاک بھارت میچ میں بھارت نے پاکستان کو 5 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ پاکستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 19 اعشاریہ  5 اوورز میں 147 رنز بنائے اور اس کے تمام کھلاڑی آوٹ ہو گئے تھے۔

پاکستان کے خلاف اہم میچ میں بھارت کے آل راؤنڈر رویندرا جڈیجا دستیاب نہیں ہیں وہ گھٹنے کی انجری کے باعث ایشیا کپ سے باہر ہو چکے ہیں دوسری جانب پاکستانی کھلاڑی شاہنواز دھانی بھی گزشتہ میچ میں انجری کے باعث آج کے میچ سے باہر ہیں۔

سپر فور کے پہلے میچ میں شارجہ میں سری لنکا اور افغانستان کی ٹیمیں مد مقابل ہوئیں جس میں سری لنکا نے افغانستان کو شکست دے دی جبکہ بھارت اور سری لنکا کی ٹیموں کے درمیان 6 ستمبر کو دبئی میں میچ ہو گا۔

قومی ٹیم 7 ستمبر کو افغانستان  کے خلاف میچ کھیلے گی۔ 8 ستمبر کو دبئی میں بھارت اور افغانستان کی ٹیمیں مد مقابل ہوں گی اور قومی ٹیم کا 9 ستمبر کو سری لنکا سے بھی دبئی میں مقابلہ ہوگا۔

ایشیا کپ کا فائنل 11 ستمبر کو سپر فور کی 2 ٹاپ ٹیموں کے درمیان دبئی میں کھیلا جائے گا۔