|

وقتِ اشاعت :   December 1 – 2015

کوئٹہ:  وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہپاک چائنا اقتصادی راہداری سے پورے خطے پر مثبت معاشی اثرات مرتب ہونگے، یہ عظیم منصوبہ پاکستان اور چین کی لازوال دوستی کی اعلیٰ مثال ہے، چین کے سرمایہ کار بلوچستان میں موجود معدنیات، زراعت اور ماہی گیری کے شعبوں میں موجود مواقعوں سے استفادہ کریں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے چین کے صوبہ ہنا ء کے نائب گورنر ہی باؤ ژنگ (Mr. He Baoxiang) کی سربراہی میں ملاقات کرنے والے سرمایہ کاروں اور حکام سے بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ پاکستان اور چائنا کی حکومتوں اور عوام کے درمیان دیرینہ برادرانہ اور تاریخی رشتے قائم ہیں، چین ہر مشکل وقت میں پاکستان کا سچا دوست اور ہمدرد رہا ہے، یہاں کے عوام بھی چین کی حکومت اور لوگوں کے لیے نیک خواہشات اور احترام کا جذبہ رکھتے ہیں، بلوچستان اور ملک بھر کے عوام سی پیک کو یہاں کے لوگوں کے لیے عوام دوست اور عظیم منصوبہ سمجھتے ہیں، منصوبے سے بلوچستان سمیت پورے ملک کے عوام استفادہ کریں گے اور یہاں ترقی کی نئی راہیں کھلیں گی، انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت گوادر اور بالخصوص چائنیز کی سیکورٹی کے لیے انتہائی موثر اور ٹھوس اقدامات اٹھا رہی ہے، گوادر سیف سٹی پروجیکٹ پر تیزی سے کام جاری ہے، وزیراعلیٰ نے کہا کہ گوادر میں 5ہزار ایکڑ اراضی ایکسپورٹ پروموشن زون کے حوالے کر دی گئی ہے، گوادر ہوشاب شاہراہ تکمیل کے مراحل میں ہے ، گوادر پورٹ کی ایم۔8 سے منسلک کرنے کے لیے ایسٹ بے ایکسپریس وے کے منصوبے پر عملدرآمد جاری ہے، انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومت پینے کے پانی کے بڑے ذخائر کی تعمیر کر رہی ہے، انہوں نے کہا کہ صوبائی حکومت بلوچستان میں تیل و گیس، معدنیات، زراعت اور ماہی گیری کے شعبوں میں سرمایہ کاری کا خیرمقدم کرے گی اور سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات اور سیکورٹی کی فراہمی کو یقینی بنائے گی۔ چین کے صوبہ ہناء (Huna)کے نائب گورنر نے کہا کہ ہناء کے سرمایہ کار بلوچستان میں موجودہ سرمایہ کاری کے مواقعوں خاص کر انفرسٹرکچر کی ترقی، انجینئرنگ کی صنعت، زراعت سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری میں دلچسپی رکھتے ہیں، نائب گورنر ہنا ء نے بلوچستان حکومت کے اقدامات کی تعریف کی، انہوں نے کہا کہ پاکستان اور بلوچستان میں سرمایہ کاری کے لیے سازگار ماحول اور سرمایہ کار دوست حکومتیں موجود ہیں، پاک چائنا اقتصادی راہداری دونوں ممالک کے قریبی بردارانہ تاریخی رشتوں کو مزید مستحکم کرے گی اور منصوبہ پورے خطے کے لیے خوشحالی اور ترقی لائے گا، انہوں نے وزیراعلیٰ کو چین کے صوبہ ہناء کا سرکاری دورے کی بھی دعوت دی ، اس موقع پر چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ ، آئی جی پولیس احسن محبوب، پرنسپل سیکریٹری محمد نسیم لہڑی، سیکریٹری داخلہ اکبر حسین درانی ، سیکریٹری معدنیات سمیت دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔دریں اثناء وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے کہا ہے کہ ملک سنجیدہ سیاست کی طرف بڑھ رہا ہے، اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ اولین ذمہ داری ہے، ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین محمد صدیق الفاروق سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ پاکستان متروکہ وقف املاک بورڈ کے چیئرمین نے وزیراعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کی بلوچستان کا مسئلہ مذاکرات اور سیاسی اندازمیں حل کرنے کی کاوشوں کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ناراض رہنماؤں کو قومی دھارے میں لانے کے لیے اقدامات اور پیش رفت انتہائی قابل تعریف اور مثبت اقدام ہے، صدیق الفاروق نے وزیراعلیٰ کے ساتھ ملک اور بالخصوص بلوچستان میں اقلیتوں کی مذہبی عبادت گاہوں، اقلیتوں کے تحفظ، ہنگول میں ہنگلاج دیوی ماتا کی یاترا کے لیے آنے والے افراد کو سہولیات کی فراہمی سمیت دیگر امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا ، صدیق الفاروق نے کہا کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے اقلیتوں کے مذہبی مقامات پر تمام ضروری سہولیات کی فراہمی کے لیے خصوصی ہدایات جاری کر رکھی ہیں، بلوچستان کے علاقے ہنگول میں ہنگلاج دیوی ماتا کی یاترا کے لیے سالانہ 5لاکھ سے زائد ہندو برادری کے افراد ملک کے مختلف حصوں سے آتے ہیں اور گذشتہ دو سالوں سے اس میں اضافہ ہوا ہے، انہوں نے کہا کہ ہنگلاج دیوی ماتا کی یاترا کے لیے آنے والوں کی سہولت کے لیے وفاقی حکومت صوبائی حکومت کے ساتھ ملکر اقدامات کرنا چاہتی ہے، اس موقع پر وزیراعلیٰ نے کہا کہ ملک کے تمام شہریوں کے حقوق برابر ہیں ،صوبائی حکومت بلا رنگ و نسل اور مذہب تمام لوگوں کی خدمت اور یکساں حقوق پر یقین رکھتی ہے، ہندو برادری بلوچستان کے معاشرے اور سماج کا ایک اہم جز ہیں، صوبے میں امن و امان کی خراب صورتحال کے باعث نقل مکانی کرنے والے ہندو اب واپس بلوچستان آرہے ہیں، مذہبی رواداری کے بغیر کوئی بھی معاشرہ ترقی نہیں کر سکتا، ملک اب سنجیدہ سیاست کی طرف بڑھ رہا ہے، لبرل معاشرے سے متعلق وزیراعظم کا ویژن قابل تعریف ہے، یہ ہی وہ سنجیدہ سوچ ہے جس سے ملک ترقی اور خوشحالی کی طرف گامزن ہوگا، وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہنگلاج دیوی ماتا میں ہاتریوں کو سہولیات کی فراہمی کے لیے وفاقی حکومت سے ملکر تمام ضروری اقدامات اٹھائے گی۔ اس موقع پر نیشنل پارٹی کے رہنما سینیٹر اشوک کمار بھی موجود تھے۔