پاکستان مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر عرفان صدیقی نے ارکان پارلیمنٹ کو ٹول ٹیکس پر استثنیٰ دینے کی مخالفت کردی۔
سینیٹر عرفان صدیقی نے اپنے بیان میں کہا کہ ارکان پارلیمنٹ کو ٹول ٹیکس کا استثنیٰ دینا غیرمناسب فیصلہ ہے، نیشنل ہائی وے اتھارٹی کے فیصلے کے خلاف ایوان میں آواز اٹھاؤں گا۔
انہوں نے کہا کہ ٹیکس پر ارکان پارلیمنٹ سے کوئی امتیازی سلوک نہیں ہونا چاہیے، یہ فیصلہ کسی اعتبار سے بھی درست نہیں ہے، ارکان پارلیمنٹ کو عام آدمی کی طرح خوش دلی سے تمام محصولات ادا کرنے چاہئیں۔
انہوں نے کہا کہ نیشنل ہائی وے اتھارٹی پر یہ فیصلہ واپس لینے کے لیے دباؤ ڈالیں گے۔