|

وقتِ اشاعت :   December 10 – 2015

کوئٹہ+اسلام آباد: اعلان مری کی روشنی میں وزیراعظم محمدنوازشریف نے سیاسی اتحادیوں سے صلاح ومشورے کے بعدمسلم لیگ ن کے صوبائی صدرسردارثناء اللہ زہری کوبلوچستان کانیاوزیراعلیٰ مقررکردیاہے ،وزیراعظم ہاؤس میں جمعرات کو اس حوالے سے منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہاکہ بلوچستان میرے دل کے قریب ہے اور میں توقع رکھتا ہوں کہ نامزد وزیراعلیٰ صوبے میں امن اور سلامتی کو یقینی بنانے کیلئے کام کرینگے۔ انہوں نے کہاکہ وفاقی حکومت بلوچستان کی ترقی کیلئے ہرممکن تعاون جاری رکھے گی ۔اجلاس میں محمودخان اچکزئی ،وزیرخزانہ اسحاق ڈار،وزیرداخلہ چودھری نثارعلی خان، وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق، وزیراطلاعات پرویز رشید، پنجاب کے وزیراعلیٰ محمدشہبازشریف، بلوچستان کے وزیراعلیٰ ڈاکٹرعبدالمالک بلوچ اورسینیٹرحاصل خان بزنجوشریک ہوئے ۔بعدازاں وزیرسرحدی امور لیفٹیننٹ جنرل ریٹائرڈ عبدالقادربلوچ اور بلوچستان کے نامزد وزیراعلیٰ سردار ثناء اللہ زہری نے وزیراعظم سے ملاقات کی اس موقع پر انہوں نے وزیراعظم کے اعتماد کاشکریہ ادا کرتے ہوئے یقین دلایاکہ وہ صوبے کی ترقی اورامن واستحکام کو یقینی بنانے کیلئے اپنی بھرپورصلاحیتوں کامظاہرہ کرینگے،واضح رہے کہ2013کے عام انتخابات کے بعد مسلم لیگ بلوچستان میں سب سے بڑی پارٹی بن کر ابھری تاہم اس کو ایوان میں مکمل اکثریت نہیں ملی، اس لئے پارٹی نے دوسرے اتحادیوں کے ساتھ مذاکرات کئے اور یہ مذاکرات مری میں ہوئے اور اس کو مری معاہدے کا نام دیاگیا، اس میں یہ فیصلہ ہوا ہے کہ پختونخوا ملی عوامی پارٹی ، نیشنل پارٹی اور مسلم لیگ مخلوط حکومت بنائیں گے، اس میں یہ طے ہوا کہ پانچ سالہ دور میں پہلے ڈھائی سال کی مدت کیلئے ڈاکٹر مالک بلوچ وزیراعلیٰ ہوں اور بقیہ ڈھائی سالہ دور میں مسلم لیگ کا نمائندہ وزیراعلیٰ ہوگا، ڈاکٹر مالک نے اپنا حکمرانی کا ڈھائی سالہ دور مکمل کر لیا، جس کے بعد وزیراعظم نواز شریف جو مسلم لیگ کے صدر بھی ہیں، مسلم لیگ کے رہنماؤں کا خصوصی اجلاس منعقد کیا اور اس میں یہ فیصلہ کیا گیا کہ نواب ثناء اللہ زہری کو وزیراعلیٰ کو مقرر کیا جائے اور بقیہ ڈھائی سالوں میں مسلم لیگ کی سربراہی میں صوبائی حکومت قائم ہوگی، موجودہ وزیراعلیٰ گورنر کو اپنا استعفیٰ دیں گے، اس کے منظوری کے بعد سردار ثناء اللہ وزارت اعلیٰ کا حلف اٹھائیں گے اور بعد میں بلوچستان اسمبلی سے اعتماد کاووٹ حاصل کریں گے، اتحادی پارٹیوں نے وزیراعظم سے تعاون کی یقین دہانی کرائی ہے امید ہے کہ نواب ثناء اللہ زہری نئی کابینہ تشکیل دیں گے، جس کے لئے وہ اتحادیوں سے پہلے مشورہ کریں گے