تربت:رابطہ جے یو آئی کے زیراہتمام لورالائی میں شیخ الہند کانفرنس منعقد کی گئی، شیخ الہند کانفرنس سے رابطہ جے یو آئی کے سربراہ مولانامحمد خان شیرانی اورسابق سینیٹر ڈاکٹرمحمد اسماعیل بلیدی نے خطاب کرتے ہوئے کہاکہ رابطہ جے یو آئی اور پی ٹی آئی کا ملکی سطح پر اتحاد ہے۔
یہ اتحاد پاکستان کی خودمختاری، حقیقی آزادی اور اسلام کی سربلندی کیلئے ہے کیونکہ امپورٹڈ حکومت نے ملک کو بحرانوں میں دھکیل دیاہے اورمہنگائی نے عوام کی کمر توڑکررکھ دی ہے۔
انہوں نے کہاکہ ملک کوبحرانوں سے بچانے کیلئے امپورٹڈ حکومت فوری طورپر جنرل الیکشن کا اعلان کرے، انہوں نے کہاکہ پی ڈی ایم چوروں اورلٹیروں کا ٹولہ ہے یہ الیکشن سے ڈرتے ہیں کیونکہ الیکشن میں عوام پی ڈی ایم کو تاریخی وعبرتناک شکست سے دوچارکرکے پی ٹی آئی اوررابطہ جے یو آئی کو بھاری مینڈیٹ دلائیں گے،انہوں نے کہاکہ مولانا فضل الرحمن نے پی ڈی ایم کی سربراہی کرکے جمعیت توڑ دی جمعیت ورکروں کی جماعت ہے۔
کسی کی ذاتی جاگیر اورمیراث نہیں، مولانا فضل الرحمن ورکروں سے الگ ہوئے، اب ہماری جماعت رابطہ جے یو آئی کے نام سے الیکشن کمیشن میں رجسٹر ہے، جلسہ میں لورالائی کے امیر مولانا اقبال، مرکزی رہنما حاجی صادق خان، صوبائی رہنما کوئٹہ کچلاک امین اللہ، مولانا عالم ودیگر اکابرین نے بھی خطاب کیا جبکہ اس سے قبل رابطہ جے یو آئی کے قائدین نے ہرنائی، زیارت، سنجاوی ودیگر علاقوں کابھی دورہ کیا۔