|

وقتِ اشاعت :   January 3 – 2016

کوئٹہ: نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماؤں نے کہا ہے کہ حلقہ پی بی 50کیچ 3کے انتخابات میں ہماری پارٹی کے امید وار اکرم دشتی کامیاب ہوئے ہیں ان کی کامیابی کانوٹیفکیشن جلدازجلد جاری کیاجائے بصورت دیگر ہم شدیداحتجاج کریں گے جس سے حالات کی تمام ترذمہ داری الیکشن کمیشن پرعائد ہوگی نوٹیفکیشن جاری نہ کرنے کی وجہ سے پارٹی کارکنوں میں شدیدتشویش پائی جاتی ہے ان خیالات کااظہار نیشنل پارٹی کے مرکزی سینئر نائب صدر میر طاہر بزنجو،رکن صوبائی اسمبلی ڈاکٹر شمع اسحاق بلوچ، بی ایس او کے مرکزی چیئرمین اسلم بلوچ ،نیشنل پارٹی کے نیاز بلوچ ،علی احمد لانگو اور حاجی عطامحمدبنگلزئی ،موسیٰ جان خلجی سمیت دیگر مقررین نے اتوار کو کوئٹہ پریس کلب کے سامنے پی بی 50کیچ تھری کے نتائج کے حوالے سے احتجاجی مظاہرے سے خطاب کرتے ہوئے کیامظاہرین نے بینرزپلے کارڈز اورپارٹی کے جھنڈے اٹھارکھے تھے مظاہرین نے اپنے امید وار کی کامیابی اوراپنے مطالبات کے حق میں شدیدنعرہ بازی کی مقررین نے کہا کہ نیشنل پارٹی بلوچستان کے عوام کی ہردلعزیز جماعت ہے جو جمہوریت پر مکمل یقین رکھتی ہے عوام اس بات کے گواہ ہیں کہ ہم ہمیشہ صاف اورشفاف انتخابات کے علمبردار رہے ہیں انہوں نے کہا کہ اگرالیکشن کمیشن غیر جانبدار ہے تو وہ فوری طور پراکرم دشتی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری کرے انہوں نے کہا کہ دھاندلی سے آنے والے ارکان اسمبلی عوام کے مسائل حل کرنے کی بجائے ان میں اضافے کا باعث بنتے ہیں ایسے عوامی نمائندے ذاتی مفادات کو ترجیح دیتے ہیں ۔انہوں نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں بھی پی بی 50کیچ تھری میں بدترین دھاندلی کی گئی اور نتائج کو تبدیل کرتے ہوئے ہماری جماعت کی کامیابی کو شکست میں تبدیل کیا گیااور یہی عمل اب دوبارہ ضمنی انتخابات میں دہرانے کی کوشش کی جارہی ہے جس کی وجہ سے حلقے کے عوام اورپارٹی کارکنوں میں شدیدتشویش پائی جاتی ہے مقررین نے کہا کہ پولنگ اسٹیشن مند بلو سے تربت کا فاصلہ بمشکل 2گھنٹے ہے مگر وہاں سے ووٹوں سے بھرے تھیلے اگلے روز لائے جاتے ہیں جو دھاندلی کا ثبوت ہے مقررین نے کہا کہ ہمارے امیدوار اورکارکنوں نے انتہائی سخت مشکل حالات میں سرپرکفن باندھ کر انتخابات میں حصہ لیا اورانتہائی جرات کا مظاہرہ کرتے ہوئے انتخابی مہم کوچلایااوراس دوران پارٹی کے امیدواراکرم دشتی کے گھر پر حملہ کرکے بچوں اور خواتین کو خوفزدہ کیا گیا اکرم دشتی کے بھائی اوربھتیجے سمیت ہمارے 3دیگر کارکن اغواء کئے گئے ہم نہیں جانتے کہ اس وقت وہ کہاں اور کس حال میں ہیں اسکے باوجود ہم نے انتخابات میں حصہ لیا جو اس بات کا ثبوت ہے کہ ہم جمہوریت پریقین رکھتے ہیں اورجمہوری عمل کومزید مستحکم بنانے کیلئے اپنی جدوجہد کررہے ہیں تاکہ عوام کے مسائل بہترطورپرحل کیاجاسکے اگر نیشنل پارٹی کو دیوار سے لگایاگیا تو اسکے نتائج انتہائی منفی ہونگے اور جوصوبے کیلئے بہتر نہیں ہونگے ہم سمجھتے ہیں کہ بڑی کوششوں کے بعد بلوچستان کے حالات بہتر ہوئے ہیں مگر ایسے اقدامات سے حالات کو خراب کرنے کی کوشش کی جارہی ہے مقررین نے کہا کہ اگر پہلے روز جاری ہونے والے نتائج کے مطابق اکرم دشتی کی کامیابی کا نوٹیفکیشن جاری نہ کیا گیا تو بلوچستان سمیت ملک بھر میں شدیداحتجاج کیا جائے گااس موقع پر ایک قرار داد بھی منظور کی گئی جس میں مطالبہ کیا گیا کہ مند بلو کے پرائیذیڈنگ آفیسرکے خلاف انتخابی نتائج تبدیل کرنے پر مقدمہ درج کرکے انہیں گرفتار کیا جائے تاکہ لوگوں میں پائی جانے والی تشویش کوختم کیاجاسکے مظاہرین اپنے مطالبات کے حق میں نعرہ بازی کرتے ہوئے پرامن طورپرمنتشرہوگئے۔