کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع ژوب، قلعہ سیف اللہ اور قلات میں ایف سی اور حساس اداروں نے مشترکہ کارروائیوں میں کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبہ میں10افراد کو گرفتار کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیا ۔ ایف سی ترجمان کے مطابق فرنٹیئر کور بلوچستان نے حساس ادارے کے ساتھ ملکر خفیہ اطلع پر قلعہ سیف اللہ شہر کے قریب کارروائی کی ۔ کارروائی میں تین افراد کو گرفتار کیا گیا جن پر شبہ ہے کہ ان کا تعلق کالعدم تحریک طالبان پاکستان سے ہوسکتا ہے ۔ ایک اور کارروائی ژوب کے علاقے گوال اسماعیل زئی میں کی گئی جس کے دوران چار مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا۔ گرفتارافراد کے قبضے سے 2عدد تھری ناٹ تھری رائفل ،ایک عددکلاشنکوف، ایک عدد 7ایم ایم رائفل، ایک عدد پستول اور ہزاروں کی تعداد میں مختلف ساخت کی گولیاں برآمد کرلی گئیں۔ اسی طرح قلات کے علاقے منگچر میں بھی ایف سی اور حساس ادارے نے مشترکہ کارروائی کی ۔کارروائی کے دوران کالعدم تنظیم سے تعلق کے شبے میں 3 افراد کو گرفتار کرکے ان کے قبضے سے ایک عدد کلاشنکوف، 2 عدد رائفلز ،ایک عدد دوربین اور مختلف ساخت کی 2100 گولیاں برآمد کی گئیں۔ ایف سی ترجمان کے مطابق گرفتارافراد سے تفتیش کی جارہی ہے۔