|

وقتِ اشاعت :   December 22 – 2022

کوئٹہ:  وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے ریونیو ریکارڈ کی ڈیجیٹلائزیشن اور کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ کی دستیابی کے منصوبے کا افتتاح کردیا افتتاحی تقریب میں صوبائی وزراء میر سکندر علی عمرانی، انجینئر زمرک خان اچکزئی، میر محمد خان لہڑی، مبین خان خلجی، صوبائی مشیر ملک نعیم خان بازئی،پارلیمانی سیکرٹری خلیل جارج، رکن صوبائی اسمبلی نصراللہ خان زیرے،سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو روشن علی شیخ اور کمشنر کوئٹہ سمیت دیگر متعلقہ حکام نے شرکت کی اس موقع پر سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو روشن علی شیخ نے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ منصوبے کے تحت ابتدائی طور پر بلوچستان لینڈ ریونیو انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے ذریعے گوادر اور پشین میں مرکز سہولیات کا قیام عمل میں لایا گیا ہے۔

اس منصوبے پر محکمہ ریونیو 2017 سے کام کر رہا تھا اس منصوبے کے تحت زمینوں کے مینول ریکارڈ کو کمپیوٹرائزڈ ریکارڈ میں تبدیل کر دیا گیا ہے۔

اور مرکز سہولیات میں کمپیوٹرائزڈ فرد کا اجراء،رجسٹری کے اندراج، فوری کمپیوٹرائزڈ انتقالات کا اجراء،ڈیجیٹلائزڈ زمینی نقشہ مساوی کا فوری حصول اور عوامی شکایات کے اندراج کے لیے پورٹل بھی میسر ہوگا بریفنگ میں مزید بتایا گیا کہ اگلے مرحلے میں جعفر آباد اور کوئٹہ کی لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کی جائے گی عوام کو مرکز سہولیات کی چھت کے نیچے ون ونڈو آپریشن کے تحت اراضیات کے انتقال سمیت ہر سہولت میسر ہوگی عوام پٹواری،تحصیلدار اور ریونیو آفیسر کی بجائے براہ راست مرکز سہولیات جا سکتے ہیں۔

اور فرد کے جدید نظام سے سروس ڈیلیوری بہتر ہوگی اور پورے عمل میں شفافیت آئے گی اس کے علاوہ لینڈ سکیورٹی، ریونیو اور گورننس بھی بہتر ہوگی وزیر اعلیٰ نے اس موقع پر لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن اور محکمہ ریونیو کی بہترین کارکردگی پر صوبائی وزیر میر سکندر علی عمرانی اور سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو روشن علی شیخ کو سراہتے ہوئے کہا کہ یہ ایک بہت بڑی کامیابی ہے اور ہمیں اب مینول سسٹم سے نکلنا چاہیے انہوں نے اس موقع پر ہدایت کی کہ صوبے کے دیگر اضلاع میں بھی لینڈ ریکارڈ کی ڈیجیٹائزیشن کے لیے اقدامات کیے جائیں وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اس نظام کے ذریعہ سہولت اور شفافیت یقینی ہے یہ منصوبہ انفارمیشن ٹیکنالوجی میں پیشہ ورانہ مہارت کے لیے نئے رجحانات کو متعارف کروا رہا ہے انہوں نے کہا کہ یہ منصوبہ گورننس کی بہتری،لینڈ مارکیٹ کے موثر انتظام اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کا باعث بنے گا وزیر اعلیٰ نے اس امید کا اظہار کیا کہ لینڈ ریکارڈ مینجمنٹ انفارمیشن سسٹم محکمہ ریونیو میں جدت آئے گی اور محکمہ ترقی کی منزل کی جانب اپنے سفر پر گامزن رہے گا۔