کوئٹہ:بلوچستان صوبائی کابینہ نے وفاقی حکومت سے بلوچستان کو این ایف سی ایوارڈ سے سیکیورٹی اخراجات کی مد میں ایک فیصد حصہ دینے کا مطالبہ کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجونے صوبائی کابینہ کے اجلاس میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ بلوچستان پاکستان کا نصف رقبہ پر محیط صوبہ ہے جسکے طویل بارڈر دو ممالک سے ملتے ہیں بلوچستان غیر ملکی مداخلت کی وجہ سے دہشت گردی کا شکار ہے۔
وزیراعلیٰ نے کہا کہ بلوچستان ملک بھر کی سیکیورٹی میں فرنٹ لائن صوبے کی ذمہ داری ادا کر رہاہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان سیکیورٹی کی مد 40 سے 50 ارب خرچ کرتا ہے جبکہ انٹرنل سیکیورٹی الاؤنس کی مد میں بھی خطیر رقم خرچ کرنا پڑتی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ ہمارے پاس ترقیاتی مد میں صرف 60 سے 70 ارب روپے دستیاب ہوتے ہیں۔
اور اتنے کم بجٹ میں تو کوئٹہ کی ترقی بھی ممکن نہیں تو ملک کے نصف رقبے پر محیط صوبے کے دوردراز اور پسماندہ اضلاع کی ترقی کیسے ممکن ہو گی اجلاس میں اتفاق کیا گیا کہ جس طرح کے پی کے کو این ایف سی سے سیکیورٹی کی مد میں شیئر ملتا ہے بلوچستان کو بھی ملنا چاہئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم کے سامنے یہ مسئلہ رکھا جائے گااور ہم اپنا کیس مشترکہ مفادات کونسل میں بھی پیش کرینگے امید ہے کہ وزیراعظم اور برادر صوبے ہمارے موقف کوتسلیم کرینگے۔