|

وقتِ اشاعت :   January 14 – 2016

کوئٹہ: سیٹلائٹ ٹاؤن بم دھماکے میں شہید ہونے والے گیارہ پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کردی گئی۔ نماز جنازہ میں وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ خان زہری نے شرکت کی۔ تفصیلات کے مطابق بدھ کی صبح سیٹلائٹ ٹاؤن میں دھماکے میں شہید ہونے والے پولیس اہلکاروں کی نماز جنازہ پولیس لائن میں ادا کی گئی ۔وزیراعلیٰ نے شہداء کی نمازجنازہ میں شرکت کی اور میتوں کو کندھا بھی دیا۔ صوبائی وزراء، چیف سیکریٹری بلوچستان ، صوبائی سیکریٹری داخلہ اور آئی جی پولیس بلوچستان احسن محبوب نے بھی نما ز جنازہ میں شرکت کی۔ اس موقع پر شہید اہلکاروں کو سلامی بھی پیش کی گئی۔ بعد ازاں میتیں آبائی علاقوں کو ایمبولنسز کے ذریعے روانہ کردیا گیا ۔ شہید اہلکاروں میں دس کا تعلق خضدار، ایک کا نوشکی جبکہ ایک کا تعلق آزادکشمیر سے تھا۔ نماز جنازہ کے موقع پر پولیس لائن اور اس کے اطراف میں سیکورٹی کے سخت انتظامات کئے گئے تھے۔