کوئٹہ: بلوچستان کے ضلع خاران میں نامعلوم افراد نے چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ کے بھائی کے گھر پر دستی بموں سے حملہ کیا۔ پولیس کے مطابق خاران کے علاقے کلی کولان میں واقع محمد اعظم مسکانزئی کے گھر پر نامعلوم افراد نے یکے بعد دیگرے دو دستی بم پھینکے جو گھر کے خالی احاطے میں گر کر زوردار دھماکوں سے پھٹ گئے تاہم خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔ محمد اعظم مسکانزئی چیف جسٹس بلوچستان ہائی کورٹ محمد نور مسکانزئی کے بھائی بتائے جاتے ہیں۔ نجی ٹی وی کے مطابق وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے سیکریٹری داخلہ بلوچستان سے واقعہ کی رپورٹ طلب کرلی ہے۔