کوئٹہ: کوئٹہ میں پولیس اہلکاروں پر حملوں کا سلسلہ جاری ہے۔ موسیٰ کالونی میں پولیس گاڑی پر فائرنگ سے اہلکار زخمی ہوگیا۔ پولیس کے مطابق پولیس کے چار اہلکار اے ایس آئی سلیم رضا کی قیادت میں گاڑی میں سریاب کے علاقے میں گشت کررہے تھے۔ موسیٰ کالونی کے قریب نامعلوم نقاب پوش موٹر سائیکل سواروں نے گاڑی پر فائرنگ کردی جس کے نتیجے میں گاڑی میں سوار سپاہی محمد ارشد ولد غلام ربانی مغل زخمی ہوگیا۔ گاڑی میں سوار دیگر اہلکاروں نے حملہ آوروں پر جوابی فائرنگ کی تاہم حملہ آور رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے ایک گلی میں فرار ہوگئے۔ زخمی اہلکار کو فوری طور پر سول اسپتال کوئٹہ لایا گیا جہاں اسے ایمرجنسی آپریشن تھیٹر لے جایا گیا۔ اسپتال ذرائع کے مطابق زخمی محمد ارشد کو پیٹ میں گولی لگی ہے اور حالت تشویشناک ہے۔ واقعہ کے بعد ایس ایس پی آپریشن وحید الرحمان خٹک، ایس پی سریاب ظہور آفریدی سمیت پولیس اور ایف سی کے اعلیٰ افسران بھاری نفری کے ہمراہ موقع پر پہنچ گئے اور جائے وقوعہ سے شواہد اکٹھے کرکے حملہ آوروں کی تلاش شروع کردی۔ واضح رہے کہ دو ہفتوں کے درمیان کوئٹہ میں بم دھماکوں اور ٹارگٹ کلنگ کے واقعات میں پولیس کے سولہ جوان شہید ہوچکے ہیں۔