اسلام آباد: وفاقی تحقیقاتی ادارے نے سیکیورٹی خدشات کے پیش نظرعمران فاروق قتل کیس کی سماعت اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کرنے کا فیصلہ کیا ہے جس کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) نے ڈاکٹرعمران فاروق قتل کیس کی سماعت جیل میں کرانے کا فیصلہ کیا ہے جب کہ جیل میں ٹرائل کے لیے وزارت داخلہ نے ایف آئی اے کو ہدایت بھی جاری کردی ہیں اور اس حوالے سے ضلعی انتظامیہ کی جانب سے جیل میں ٹرائل کا نوٹی فکیشن بھی جاری کردیا گیا ہے۔
عمران فاروق قتل کیس کے 2 ملزمان خالد شمیم اور محسن علی جوڈیشل ریمانڈ پر ایف آئی اے کے پاس ہیں جب کہ ایف آئی اے نے جیل میں سماعت کرانے کا فیصلہ خالد شمیم کی میڈیا سے بات چیت کے بعد سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر کیا ہے۔
واضح رہے عمران فاروق قتل کیس کے ملزم خالد شمیم نے گزشتہ روز عدالت میں پیشی کے وقت میڈیا سے بات کرتے ہوئے ایم کیو ایم کی قیادت کے حوالے سے چند اہم انکشافات کیے تھے جس کے بعد وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی نے اس معاملے کا نوٹس لیتے ہوئے سیکیورٹی انچارج کو معطل کردیا تھا۔
عمران فاروق قتل کیس کا ٹرائل اڈیالہ جیل راولپنڈی میں کرنے کا فیصلہ
وقتِ اشاعت : January 22 – 2016