کوئٹہ: چیف سیکریٹری بلوچستان سیف اللہ چٹھہ کی زیرصدارت جمعہ کے روز تعلیمی اداروں میں سیکورٹی انتظامات کے حوالے سے اجلاس منعقد ہوا جس میں بلوچستان یونیورسٹی، بیوٹمز، بی ایم سی اور سردار بہادر خان ویمن یونیورسٹی میں سیکورٹی انتظامات کا ازسرنو جائزہ لیا گیا۔ اجلاس میں آئی جی پولیس احسن محبوب، سیکریٹری داخلہ اکبر حسین درانی، سیکریٹری تعلیم عبدالصبور کاکڑ، ڈی آئی جی کوئٹہ امتیاز شاہ، کمشنر کوئٹہ ڈویژن قمبردشتی، وائس چانسلرز اور دیگر حکام موجود تھے۔ چیف سیکریٹری نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ چارسدہ میں باچاخان یونیورسٹی پر ہونے والے افسوسناک حملے کے بعد بلوچستان میں کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار واقعہ سے بچنے کے لئے سیکورٹی سخت کردی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے طلباء اور طالبات کی جان ومال کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے ہرممکن اقدامات اٹھائے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ جن یونیورسٹیوں کی چاردیواری نہیں ہے وہاں چاردیواری تعمیر کی جائے اور جن اداروں کی چاردیواری ہے ان کو اونچا کیا جائے اور اس سلسلے میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔ انہوں نے اجلاس کو ہدایت کی کہ تعلیمی اداروں کے ہاسٹلوں میں غیرمتعلقہ افراد کو رہنے کی اجازت نہ دی جائے اور ہاسٹلوں کو چیک کیاجائے۔ انہوں نے کمشنر کو ہدایت کی کہ یونیورسٹیوں کا دورہ کرکے رپورٹ پیش کریں اور اس کے مطابق تعلیمی اداروں میں اضافی نفری تعینات کریں اور جہاں ضرورت ہو وہاں ایف سی اہلکار تعینات کئے جائیں۔