کوئٹہ: چیمبرآف سمال ٹریڈرز اینڈ انڈسٹریز کے23 رُکنی وفد کا آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن سے ملاقات۔چیمبر اورتاجروں کے مسائل پرسیرحاصل بحث اورمعاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے تجاویزپیش کیے گئے۔ تفصیلات کے مطابق چیمبرآف سمال ٹریڈرزاینڈ انڈسٹریزکے23رُکنی وفد نے ہیڈکوارٹر فرنٹےئرکور کوئٹہ میں آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن سے ملاقات کی۔ملاقات کے دوران چیمبراورتاجروں کے مسائل پرسیرحاصل بحث کی گئیں اورتاجروں کی جانب سے صوبے میں معاشی سرگرمیوں کے فروغ کیلئے تجاویزپیش کیے گئے۔ چیمبرآف سمال ٹریڈرزاینڈانڈسٹریز کے نمائندوں نے صوبے میں ایف سی کی کارکردگی کو سراہتے ہوئے ایف سی کی قربانیوں اورکاوشوں کو خراج تحسین پیش کیا۔وفدمیں شامل ارکان نے بزنس کمیونٹی کودرپیش مسائل کی نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ صوبے میں اسمگلنگ کے خلاف ایف سی اورکسٹم کی موثر کارروائیوں سے نہ صرف حکومتی محاصل میں خاطر خواہ اضافہ ہوا ہے بلکہ ٹیکس پےئرتاجر حضرات کے قانونی کاروبار کو تحفظ حاصل ہواہے۔وفد میں شامل لورالائی چیمبرآف سمال ٹریڈرز کے صدر نے ایف سی کی رفاء عامہ کے کاموں کوسراہتے ہوئے کہا کہ ایف سی کی جانب سے ضلع ہرنائی اورلورالائی میں کوئلہ اور فلورائیٹ کی تسخیر کیلئے سیکیورٹی کی فراہمی سے علاقے میں معاشی سرگرمیوں کوفروغ ملاہے جس سے مقامی افرادمستفیدہورہے ہیں۔اس موقع پر آئی جی ایف سی میجرجنرل شیرافگن نے چیمبرآف سمال ٹریڈرزاینڈانڈسٹریز کے نمائندوں کی ایف سی ہیڈکوارٹرآنے پر شکریہ اداکرتے ہوئے کہا کہ صوبے میں اسمگلنگ سے قومی خزانے کو اربوں روپے کا نقصان پہنچ رہا ہے جس کا سدباب حکومتی اداروں ، ٹریڈیونینز ،بزنس کمیونٹی اورعوام کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔ایف سی صوبے میں بیرونی سرمایہ کاری کے فروغ کیلئے تمام ٹریڈنگ کمپنیوں اورسرمایہ کاروں کو پُرامن ماحول فراہم کرنے کیلئے تمام وسائل بروئے کار لائے گی۔انہوں نے مزید کہا کہ ایف سی کے کردارمیں بدلاؤلایاگیاہے۔عوام کی جان،مال،عزت وآبروکی حفاظت ایف سی کی اولین ترجیح اور فریضہ ہے اورعوام کی کامیابی درحقیقت ایف سی کی کامیابی ہے۔فرنٹےئرکور جائز اورقانونی کاروبارکے فروغ کیلئے تاجر برادری کو ہر ممکن تعاون اورمددفراہم کرنے کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔