کوئٹہ: صوبائی وزیر داخلہ میر سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے لئے تشکیل کئے گئے پلان پر من وعن عملدرآمد ہوگا اس حوالے سے نجی تعلیمی اداروں کے تعاون بھی ناگزیر ہے ان خیالات کا اظہار انہوں نے گزشتہ روز نجی اسکولوں کے دورہ کے موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کیا انہوں نے کہا کہ چارسدہ حملے کے بعد وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب ثنا اللہ خان زہری نے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کو موثر بنانے کے واضع احکامات جاری کئے تھے جس کے بعد ہم نے تعلیمی اداروں کی سیکورٹی کے لئے مربوط پلان تشکیل دے دیا ہے اور اس پر عملدرآمد کیا جا رہا ہے انہوں نے نجی اسکول مالکان کو بھی ہدایت کی کہ وہ اپنے سکولوں مین سیکورٹی گارڈ کی تعیناتی اور سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کو یقینی بنائیں محکمہ داخلہ کی ٹیمیں اس حوالے سے نجی سکولوں کا دورہ کریں گئیں سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیں گی انہوں نے کہ کہ ہم دہشت گردوں کو تعلیم کے سفر میں رکاوٹ حائل کرنے نہیں دیں گے اپنے مستقبل کا تحفظ کرنا جانتے ہیں اور اس ضمن میں کوئی کوتاہی قابل قبول نہیں ہے انہوں نے کہا کہ ہم اساتذہ طلبا اور والدین کے خدشات کا خاتمہ کر رہے ہیں والدین بلا خوف خطر اپنے بچوں کو اسکول بھیجیں تاکہ ہم بلوچستان کو ایک اعلیٰ تعلیم یافتہ مستقبل فراہم کریں وزیر داخلہ نے شہر کے مختلف اسکولوں کا دورہ کیا اور سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ اسکولوں کے ہنگامی دوروں کا سلسلہ جاری رہے گا اور کسی بھی سکول میں متعین کردہ سیکورٹی انتظامات میں کمی نظر آئی تواس اسکول کی انتظامیہ کے خلاف کارروائی کی جائے گی۔