قومی احتساب بیور (نیب) نے چوہدری پرویزالہیٰ کو اثاثہ جات ریفرنس میں گرفتار کرلیا، راولپنڈی کی سیشن عدالت نے سابق وزیراعلیٰ پنجاب کو ایک روزہ راہداری ریمانڈ پر نیب لاہور کے حوالے کردیا۔ پرویزالہٰی کو کل احتساب عدالت لاہورمیں پیش کیا جائے گا۔
نیب ذرائع کے مطابق چوہدری پرویز الہیٰ کیخلاف 23ارب مالیت کے226 ٹھیکوں میں فرنٹ مینوں کےذریعے سوا ارب کی کرپشن،کک بیکس کاالزام ہے، نیب لاہور ترقیاتی منصوبوں میں بڑے پیمانے پر کرپشن کی تحقیقات کررہا ہے۔
اس سے قبل سابق وزیراعلیٰ پنجاب چوہدری پرویزالہیٰ کو نظر بندی کی مدت مکمل ہونے کے بعد اڈیالہ جیل سے رہا کردیا گیا۔ جیل انتظامیہ کا کہنا ہے کہ چوہدری پرویزالہیٰ کو نظربندی کی مدت مکمل ہونے پر رہا کیا گیا۔
یاد رہے کہ 19 جولائی کو چوہدری پرویز الہٰی کو ڈسڑکٹ جیل لاہور سے منتقل کرکے سینٹرل جیل اڈیالہ راولپنڈی میں نظر بند کردیا تھا۔
ضلعی انتظامیہ لاہور نے چوہدری پرویز الہٰی کے 3 ایم پی او کے تحت 30 دن کی نظر بندی کے احکامات جاری کیے تھے۔ پرویزالہیٰ کو صدر پی ٹی آئی ہونے پر سیاسی جلسہ جلوس کیے جانے کے امکان پرنظربند کیا گیا تھا۔