|

وقتِ اشاعت :   March 2 – 2016

اسلام آباد: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اﷲ خان زہری نے کہا ہے کہ وزیراعظم محمد نواز شریف نے گذشتہ روز منعقد ہونے والے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے دوران ان کی جانب سے بلوچستان کو درپیش پانی اور بجلی کے حوالے سے پیش کئے جانے والے مسائل پر صوبے کے مؤقف سے نہ صرف پوری طرح اتفاق کیا بلکہ سندھ کے ساتھ بلوچستان کے پانی کے مسائل کے حل کیلئے کمیٹی کی تشکیل اور بلوچستان میں غیر اعلانیہ طور پر لوڈشیڈنگ کے خاتمے کی ہدایت بھی کی جسے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کی دستاویز کا حصہ بنالیاگیا ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے وفاقی وزیر جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ ، وزیر مملکت جام کمال خان، سابق وزیراعظم میر ظفر اﷲ خان جمالی اور وفاقی سیکرٹری منصوبہ بندی یوسف نسیم کھوکھر سے علیحدہ علیحدہ ہونے والی ملاقاتوں کے دوران بات چیت کرتے ہوئے کیا۔ چیف سیکرٹری بلوچستان سیف اﷲ چٹھہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیراعلیٰ نے مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس کے دوران پانی اور بجلی کے حوالے سے بلوچستان کے موقف کو وزیراعظم کی جانب سے ملنے والی پذیرائی کو انتہائی حوصلہ افزاء قرار دیتے ہوئے کہا کہ یہ صوبے کے مسائل کے حل اور اس کی ترقی میں وزیراعظم کی خصوصی توجہ کا مظہر ہے جس کیلئے ہم وزیراعظم کے شکرگذار ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ انہوں نے کونسل کے اجلاس میں سندھ کے ساتھ پانی کے حوالے سے حل طلب امور کے علاوہ کیسکو کی جانب سے صوبے میں غیر اعلانیہ اور طویل لوڈ شیڈنگ کے مسئلہ کو بھی شدت کے ساتھ اٹھایا کیونکہ اس سے ہماری معیشت جس کا انحصار زراعت پر ہے تباہی کے دہانے پر پہنچ چکی ہے۔ لہذا کیسکو کو غیر اعلانیہ اور طویل لوڈشیڈنگ فوری طور پر ختم کرنے اور واپڈا کو صوبے کوبجلی کی فراہمی میں اضافے کا پابند کیا جائے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ وزیراعظم نے اس مسئلے کے حل کی ہدایت جاری کردی ہے جسے اجلاس کی دستاویز کا حصہ بنادیاگیا ہے ۔ وفاقی وزیر جنرل(ر) عبدالقادر بلوچ اور سابق وزیراعظم میرظفر اﷲ خان جمالی نے صوبے کے مسائل کو مشترکہ مفادات کونسل کے اجلاس میں بھرپور طریقے سے پیش کرنے پر وزیراعلیٰ اور ان کی ٹیم کی کاوشوں کو سراہا۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ نے وفاقی پی ایس ڈی پی میں شامل بلوچستان کے منصوبوں کی بروقت تکمیل کیلئے مطلوبہ فنڈز کے اجراء اور آئندہ مالی سال کی وفاقی پی ایس ڈی پی میں بلوچستان کیلئے زیادہ منصوبے شامل کرنے کی ضرورت پر زور دیا ہے۔وفاقی سیکرٹری منصوبہ بندی یوسف نسیم کھوکھر سے ملاقات کے دوران وزیراعلیٰ نے وزیراعظم محمد نواز شریف کی جانب سے گوادر میں نئے ائرپورٹ کی تعمیر کے فوری آغاز اور گوادر کو پانی کی کمی کے درپیش مسئلے کے حل کیلئے وفاقی حکومت کی جانب سے فنڈز کی فراہمی کیلئے کئے گئے اعلانات پر بھی فوری عملدرآمد پر بھی زور دیا۔ ملاقات کے دوران میں صوبے میں وفاقی منصوبوں کی پیشرفت کا جائزہ بھی لیاگیااور وفاقی سیکرٹری نے اس حوالے سے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی۔ یہ ملاقات وزیراعلیٰ سے وفاقی سیکرٹری کی گذشتہ دنوں کوئٹہ میں ہونے والی ملاقات کا تسلسل تھا۔