واشنگٹن: امریکا کے سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے صدارتی انتخاب کے لیے ہونے والے مباحثے میں حصہ نہ لینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے کہ عوام جانتے ہیں میں کون ہوں اور حریفوں میں سے کسی سے بھی میرا کوئی مقابلہ نہیں۔
ملک کے صدارتی الیکشن آئندہ برس ہوں گے جس کے لیے انتخابی مہم کا آغاز ہوگیا۔ اس سلسلے میں صدارتی مباحثہ بدھ کو ریاست ونسکونسن میں ہوگا جس میں امیدوار اپنا تعارف کرائیں گے اور اپنی کارکردگی بتائیں گے۔
تاہم سابق صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے ذاتی سوشل میڈیا پلیٹ فارم ’’ٹروتھ‘‘ پر جاری بیان میں کہا کہ میں کون ہوں اور کتنا کامیاب صدر رہا ہوں۔ یہ بات ہر امریکی شہری بہت اچھی طرح جانتا ہے اس لیے رواں ہفتے ہونے والے صدارتی مباحثے میں حصہ نہیں لوں گا۔
سابق امریکی صدر نے مزید کہا کہ ملکی کی سرحدوں کا تحفظ ہو، ترقی کرتی معیشت ہو، توانائی کا شعبہ ہو یا مہنگائی پر قابو پانے سمیت دیگر کئی شعبوں میں کارکردگی ہو، میرا کوئی حریف اس میں میرا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا۔
ڈونلڈ ٹرمپ نے ایک سروے کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ 62 فیصد امریکی اُنھیں ووٹ دیں گے۔