|

وقتِ اشاعت :   September 10 – 2023

چینی کی قیمت کے حوالے سے پنجاب حکومت اور شوگر ملز مالکان کے درمیان مذاکرات کامیاب ہوگئے۔

تفصیلات کے مطابق پنجاب حکومت اور شوگرملز مالکان میں 3 روز سے جاری مذاکرات کامیاب ہوگئے۔ شوگر ملز مالکان پنجاب حکومت کو 140 روپے فی کلو چینی فروخت کریں گے۔

نگران وزیر اعلیٰ پنجاب محسن نقوی سے شوگر ملز مالکان کے وفد کی ملاقات بھی ہوئی۔ ملاقات میں کرشنگ سیزن 28 اکتوبر سے شروع کرنے پر اتفاق کیا گیا۔

وزیراعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ پنجاب حکومت عوام کو ریلیف دینے کیلئے سینٹرز،ماڈل بازاروں اوراتوار بازاروں میں خصوصی اسٹالز پر چینی فروخت کرے گی۔ 

شوگر ملز مالکان کے وفد نے وزیراعلیٰ کو بریفنگ دی کہ پنجاب میں چینی کا وافر اسٹاک موجود ہے۔ چینی کی قیمتوں میں کمی کا فائدہ براہ راست صوبے کے عوام کو ہوگا۔

دوسری جانب وفاقی حکومت نے اسمگلنگ کی روک تھام کیلئے افغان سرحد سیل کرنے کا عمل شروع بھی کر دیا ہے اور اس مقصد کےلیے ملک بھر سے کسٹمز کی ٹیمیں کوئٹہ روانہ کر دی گئیں۔

دو روز قبل ایف بی آر نے اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے پاک افغان بارڈر پر 3 ماہ کے لئے عارضی تعیناتی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا، لاہور، کراچی، سرگودھا، فیصل آباد، اسلام آباد سے 20 انسپکٹرز اور مختلف شہروں سے 43 کسٹمز سپاہیوں کا کوئٹہ تبادلہ کر دیا گیا۔