|

وقتِ اشاعت :   March 7 – 2016

بغداد: عراق کے شہر ہلہ میں سیکورٹی چیک پوائنٹ پر خودکش ٹرک بم دھماکے میں 60 افراد ہلاک ا ور 70 زخمی ہوگئے جبکہ متعدد گاڑیاں بھی تباہ ہوگئیں ،زخمیوں میں بیشتر کی حالت تشویشناک ہے جس سے ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے ،داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی۔غیر ملکی میڈیاکے مطابق عراقی سیکورٹی حکام کا کہنا ہے کہ دارالحکومت بغداد سے 95 کلومیٹر جنوب کی جانب واقعہ ہلہ شہر میں ایک اسٹریٹجک ہائی وے پر واقعہ سیکورٹی چیک پوائنٹ کے قریب خودکش حملہ آور نے بارود سے بھرے ٹرک کو دھماکے سے اڑا لیا ۔دھماکہ اتنا زور دار تھا کہ اس کی آواز دور دور تک سنی گئی ۔جس چوکی پرحملہ کیا گیا ہے وہاں عراقی فوجیوں اور وفاقی پولیس فورسز کو تعینات کیا گیا تھا اس جگہ گاڑیوں کی لمبی قطار بھی لگی تھی جو دھماکے کی زد میں آگئی اور متعدد گاڑیاں تباہ ہوگئیں جن میں سوار متعدد شہری اپنی جانوں سے ہاتھ دھو بیٹھے۔ایک پولیس افسر نے بتایا کہ حملے کے وقت پوسٹ پر درجنوں گاڑیاں موجود تھیں20 گاڑیوں کو نقصان پہنچا۔پولیس حکام نے تصدیق کی ہے کہ دھماکے میں 60 افرا دہلاک اور 70 زخمی ہوئے ہیں ۔ہلاک ہونے والوں میں 20کے قریب سیکورٹی اہلکار جبکہ دیگر شہری شامل ہیں ۔دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنے والے ادارے اور ریسکیو اہلکار بھی جائے وقوعہ پر پہنچ گئے اورامدادی کاروائیاں شروع کردی گئیں ۔زخمیوں کو فوری طور پر قریبی ہسپتالوں میں منتقل کردیا گیا جہاں بیشتر کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے جس سے ہلاکتوں میں مزید اضافے کا خدشہ ہے ۔ابتدائی تفتیش کے مطابق یہ کارروائی ایک خود کش بمبار نے کی اور ہلا کے مرکزی چیک پوائنٹ کو نشانہ بنایا گیا۔ ہلا شہر بغداد سے 90 سے 95 کلومیٹر جنوب میں واقع ہے۔شدت پسند تنظیم داعش نے حملے کی ذمہ داری قبول کرلی ہے ۔واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے بغداد کی صدر سٹی مارکیٹ میں بم دھماکے میں 70 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے تھے جبکہ اگلے روز بغداد کے شمال میں ایک جنازے میں ہونے والے دھماکے میں 30 افراد مارے گئے تھے۔گزشتہ ایک مہینے کے دوران عراق میں پرتشدد کارروائیوں میں 100 سے زائدہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ اقوام متحدہ کے مطابق فروری 2016میں عراق میں پرتشدد واقعات میں 670افراد ہلا ک اور 1290 زخمی ہوچکے ہیں ۔