اسلام آباد: نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ بلوچستان کے نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں ہنر مندی کی جدید تربیت فراہم کرکے صاحب روزگار اور معاشی خود مختار بنانا وقت کا اہم تقاضا ہے، ہنر مندی کی مختلف مہارتوں کے حامل وفاقی ادارے اور بلوچستان حکومت کے باہمی اشتراک سے نوجوانوں کی ٹیکنیکل ٹریننگ کے مواقعوں کو مزید بڑھایا جائے گا۔
ان خیالات کا اظہار انہوں نے ہفتہ کو یہاں نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر خالد محمود سے ملاقات کے دوران کہی اس موقع پر ڈائریکٹر جنرل نے نگران وزیرا اعلیٰ بلوچستان کو کوئٹہ میں اپنے ادارے کی مجموعی کارکردگی اور استعداد کار سے متعلق آگاہ کیا ۔
اور مستقبل میں تربیتی دائرہ کار میں اضافے کے لئے مرتب حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے نیشنل ووکیشنل اینڈ ٹیکنیکل ٹریننگ کمیشن کی کارکردگی پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نوجوانوں کو مختلف شعبوں میں مہارتوں کی فراہمی کے لئے کمیشن فعال کردار ادا کررہا ہے۔
اس ضمن میں صوبائی حکومت کمیشن کے مجوزہ منصوبوں پر عملدرآمد کے لئے ہر ممکن مدد و تعاون کرے گی انہوں نے کہا کہ نگران وزیراعظم پاکستان انوار الحق کاکڑ کی ذاتی دلچسپی اور توجہ سے بلوچستان کے نوجوانوں کو فنی تعلیم کے زریعے روزگار اور قومی سطح پر ترقی کے یکساں مواقعوں کی فراہمی کے بھرپور اقدامات اٹھائے جاررہے ہیں۔
جس کے دورس نتائج برآمد ہوں گے انہوں نے کہا کہ فنی تعلیم و تربیت کے لئے قائم وفاقی اور صوبائی اداروں کی قریبی رابطہ کاری سے اہداف کا حصول با آسانی ممکن ہوگا اس ضمن میں سرکاری سرپرستی میں چلنے والے صوبائی فنی اداروں کے سربراہان کو ضروری ہدایات جاری کر دی جائیں گی تاکہ دستیاب وسائل میں ذیادہ سے نوجوانوں کی ٹیکنیکل ٹریننگ فراہم کی جاسکے ۔