|

وقتِ اشاعت :   September 21 – 2023

زیارت; نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان / چیئرمین زیارت ڈویلپمنٹ پیکج میر علی مردان خان ڈومکی کی زیر صدارت پیکج کے تحت جاری ترقیاتی منصوبوں اور امن و امان کا جائزہ لینے کیلئے جمعرات کے روز یہاں ڈپٹی کمشنر آفس میں جائزہ اجلاس منعقد ہوا۔

اجلاس میں صوبائی وزیر انڈسٹریز پرنس احمد علی بلوچ ، سیکرٹری صحت اسفند یار کاکڑ، ڈی آئی جی پولیس پرویز خان عمرانی ڈپٹی کمشنر زیارت محمد رمضان پلال پروجیکٹ ڈائریکٹر زیارت ڈویلپمنٹ پیکج نثار احمد کاکڑ، پروجیکٹ ڈائریکٹر زیارت سنجاوی روڑعصمت اللہ کاکڑ ، محکمہ مواصلات ، پولیس اور مقامی انتظامی افسران نے شرکت کی ، نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے زیارت ڈویلپمنٹ پیکج منصوبوں پر کام کی رفتار پر عدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے لینڈ ایکیوزیشن کرکے فوری طور پر ڈویلپمنٹ پیکج کے ماسٹر پلان پر بلا تاخیر کام شروع کرنے اور کام کی پیش رفت پر ہفتہ وار رپورٹ سی ایم سیکرٹریٹ جمع کرانے کی ہدایت کی۔

نگران وزیر اعلیٰ نے کہا کہ زیارت ڈویلپمنٹ پیکج اور ماسٹر پلان میں ترقیاتی منصوبوں میں کام کے اعلیٰ معیار کو پر صورت برقرار رکھا جائے اور اسے مقررہ مدت یا اس سے قبل مکمل کیا جائے تاکہ عوام ان منصوبوں سے استفادہ کر سکیں وزیر اعلیٰ نے ہدایت کی کہ زیارت کے سیاحتی مقامات میں بنیادی سہولیات فراہم کرنے کے لئے انفرا اسٹریکچر بہتر بنایا جائے ۔

اور مقامی قبائل کے مابین کشیدگی کے خاتمے کے لیے مثبت پیش رفت کرکے امن و امان کی صورتحال کو مزید بہتر بنایا جائے مقامی قبائل میں بھائی چارے کی فضا کے لئے انتظامیہ مثبت پیش رفت کرے انہوں نے کہ زیارت سنجاوی روڑ پر بلا تاخیر کام شروع کر دیا جائے اور اس منصوبے میں آنے والی اراضی کے متاثرین کو معاوضے کی ادائیگی شروع کی جائے تاکہ اس منصوبے میں مزید تاخیر نہ ہو

نگران وزیر اعلیٰ بلوچستان میر علی مردان خان ڈومکی نے کہا ہے کہ زیارت اور کوئٹہ میں گیس پریشر کی کمی کی شکایات ہیں ۔

یہ وفاقی محکمہ ہے شکایت کے ازالے کیلئے وفاقی حکومت سے رجوع کیا جائے گا ۔جمعرات کو زیارت میں میڈیا کے نمائندوں سے گفتگو کرتے ہوئے نگران وزیر اعلیٰ کا کہنا تھا کہ بلوچستان کی اسپتالوں میں گزشتہ دو سال سے ادویات فراہم نہیں کی گئی اس معاملے کی تحقیقات کی جارہی ہے تاہم آئندہ آٹھ سے دس روز کے دوران تمام ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر اسپتالوں اور رورل ہیلتھ سنٹرز میں ادویات فراہم کردی جائیں گی میر علی مردان خان ڈومکی کا کہنا تھا کہ بلوچستان میں صحت کی بنیادی سہولیات کی فراہمی کے لیے دیہی و شہری علاقوں میں سات سو ڈاکٹرز کا تقرر کیا جارہا ہے۔

جس کے بعد طبی شعبے میں نمایاں بہتری آئے گی انہوں نے کہ کہ زیارت کے دورے کا مقصد ڈویلپمنٹ پیکج کے تحت ترقیاتی منصوبوں کا جائزہ لینا اور قائد ریزیڈنسی کا دورہ تھا ترقیاتی منصوبوں میں غیر معمولی تاخیر ہوئی تاہم آج ہم نے سختی سے کہا ہے کہ زیارت ڈویلپمنٹ پیکج اور ماسٹر پلان پر بلا تاخیر کام شروع کر دیا جائے کچھ عرصہ بعد صورتحال کا جائزہ لینے اچانک ہی زیارت آؤں گا مفاد عامہ کے منصوبوں میں کوئی کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی۔