|

وقتِ اشاعت :   March 12 – 2016

کراچی: وزیراعلیٰ بلوچستان نواب ثناء اللہ زہری نے کہا ہے کہ صوبے میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے ۔ بلوچستان میں کوئی جنرل آپریشن نہیں ہورہا صرف دہشت گردوں کے خلاف ٹارگیٹڈ آپریشن کیا جارہا ہے ۔مردم شماری پر صوبوں کوتحفظات تھے تاہم اس کو سائیڈ لائن پر نہ لگایا جائے ۔ ہم نے ساڑھے چار سال بعد شہباز تاثیر کو بازیاب کرایا ہے ۔جمعہ کو کرچی ایکسپوسینٹر میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیراعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ ملک میں دو قسم کے آپریشن ہورہے ہیں ۔ایک آپریشن ضرب عضب ہے اور دوسراکراچی کا ٹارگیٹڈ آپریشن لیکن بلوچستان میں کوئی جنرل آپریشن نہیں ہورہا ہے ،وہاں صرف دہشت گردوں کے خلاف ٹارگیٹڈ کارروائیاں کی جارہی ہیں ۔ہم نے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے ۔بلوچستان میں ڈیرہ بگٹی اور کچھ اضلاع میں ا من وامان کی صورتحال خراب ہے۔انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں امن و امان کی صورت حال میں 90فیصد بہتری آئی ہے ۔انہوں نے کہا کہ پاکستان چین اقتصادی راہداری منصوبے پر تیزی سے کام جاری ہے ۔منصوبے کے مشرقی اور مغربی روٹس کی تعمیر کا آغاز ہوچکا ہے ۔وزیراعظم میاں نواز شریف اور آرمی چیف جنرل راحیل شریف کے ہمراہ گوادر کا تفصیلی دورہ کرچکا ہوں ۔گوادر کی وجہ سے بلوچستان کی اہمیت ہے ۔صوبے میں سرمایہ کاری کے بڑے مواقع ہیں جو سرمایہ کار وہاں آکر کام کرنا چاہتے ہیں ہم ان کو زمین فراہم کرنے کے لیے تیار ہیں ۔مردم شماری کے حوالے سے پوچھے گئے ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ مردم شماری کے حوالے سے صوبوں کو بعض تحفظات تھے تاہم ملک کی ترقی کے لیے مردم شماری کا ہونا انتہائی ضروری ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ مردم شماری جلد ہوگی ۔انہوں نے کہا کہ سابق گورنر پنجاب سلمان تاثیر کے صاحبزادے شبہاز تاثیر کو ہم نے ساڑھے چار سال بعد بازیاب کرایا ہے ۔