|

وقتِ اشاعت :   October 8 – 2023

نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی کا کہنا ہے کہ پاکستان کو مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی اور معصوم جانوں کے ضیاع پر بھی گہری تشویش ہے۔

سوشل میڈیا پر جاری بیان میں نگران وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے لکھا کہ موجودہ صورتحال میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کے طور پر کھڑے ہیں اور اسرائیلی قابض افواج کے تشدد اور جبر کو فوری طور پر بند کرنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

جلیل عباس جیلانی نے مزید لکھا کہ اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق اور 1967 سے پہلے کی سرحدوں کی بنیاد پر قابل عمل اور خود مختار فلسطینی ریاست کا قیام ضروری ہے۔

وزیر خارجہ جلیل عباس جیلانی نے کہا کہ عالمی برادری کو تنازعات کے خاتمے اور شہریوں کی حفاظت کے لیے اقدامات کرنے چاہئیں، عالمی برادری مشرق وسطیٰ میں دیرپا امن کے لیے فوری مداخلت کرے۔

دوسری جانب امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے تیمر گرہ میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسرائیل ظلم و بربریت کی نئی داستان رقم کر رہا ہے، جماعت اسلامی ہر فورم پر مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دے گی، حکومت پاکستان مظلوم فلسطینیوں کا ساتھ دینے کے لیے اقوام عالم میں آواز اٹھائے۔

خیال رہے کہ فلسطینی مزاحمتی تنظیم حماس کے اسرائیل پر حملوں میں سینئر فوجی کرنل سمیت ہلاک اسرائیلیوں کی تعداد 500 سے تجاوز کر گئی جب کہ 1800سے زائد افراد زخمی ہیں۔