|

وقتِ اشاعت :   March 13 – 2016

ہنگو: اورکزئی ایجنسی کے علاقے ڈولی میں کوئلے کی کان بیٹھ جانے سے 7 مزدور جاں بحق ہوگئے‘ 10 کو نکال لیا گیا جبکہ 48 کو نکالنے کا کام جاری ہے صوبائی وزیر صحت شوکت یوسفزئی نے وفاقی اور صوبائی حکومتوں سے ہنگامی اقدامات کی اپیل کی ہے۔ ہفتہ کے روز شدید بارش کے باعث لوئر اوکرزئی کے علاقے میں کوئلے کی کان میں دھماکہ ہوا اور کان بیتھ گئی جس میں متعدد مزدور پھنس گئے کان دبنے کے بعد امدادی ٹیموں نے موقع پر امدادی کارروائیاں شروع کیں اور سات لاشیں اور دس زخمیوں کو نکال کر کوہاٹ کے ہسپتال منتقل کردیا ہے۔ صوبائی وزیر صحت شوکت یوسفزئی نے میڈیا کو بتایا کہ کوئلے کی کان دھماکے اور بارش کے باعث بیتھ گئی ہے۔ کان میں 65 مزدور کام کررہے تھے اس علاقے میں مناسب بندوبست نہ ہونے کے باعث امدادی کاموں میں مشکلات کا سامنا ہے انہوں نے کہا کہ کان سے 7 لاشیں اور دس زخمیوں کو نکال لیا گیا ہے جاں بحق ہونے والے مزدوروں کا تعلق شانگلہ سے ہے انہوں نے کہا کہ وفاقی اور صوبائی حکومتیں امدادی کارروائیوں کیلئے ہنگامی اقدامات کریں تاکہ لوگوں کو نکالا جاسکے۔