اسلام آباد : نگران وزیر اعظم انوار الحق کاکڑنے کونسل آف پاکستان نیوز پیپر ایڈیٹرز (سی پی این ای ) اسٹینڈنگ کمیٹی سے صدر ارشاد عارف کی قیادت میں ملاقات کی۔
انہوں نے کہا کہ ریاست کے خلاف منفی پراپیگینڈے کی منظم مہم چلائی جاتی ہے۔معاشرے میں مثبت بحث و مباحثے اور تنوع و اختلافِ رائے پر مبنی گفتگو سننے کے ماحول کو فروغ دینا ہوگا جس میں اخبارات کا کلیدی کردار ہے۔
میرے امریکہ دورے کے بارے میں جھوٹی خبروں اور بے جا تنقید کی ایک منظم مہم چلائی گئی۔امریکہ کا دورہ مختصر ترین وفد کے ساتھ کیا۔
امریکہ میں موسمیاتی تبدیلی کے حوالے سے پاکستان کے کیس کو مثبت انداز میں پیش کیا گیا۔اللہ رب العزت نے موقع دیا کہ موسمیاتی تبدیلی کے ثقافتی پہلو کو قرآن کا حوالہ دے کر دنیا کے سامنے لائیں۔
منیجنگ ڈائریکٹر آئی ایم ایف نے اسمگلنگ اور ڈالر کی غیر قانونی خرید و فروخت کو روکنے کے حکومتی اقدامات کو سراہا۔قلیل مدت میں اسمگلنگ اور ڈالر پر سٹے بازی کو روکنے کیلئے سخت اقدامات کئے۔
روپے کی ڈالر کے مقابلے میں بڑھتی ہوئی قدر اس مہم کی کامیابی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔پیٹرلیم مصنوعات کی اسمگلنگ سے ملکی معیشت کو شدید نقصان پہنچتا رہا۔
بجلی چوری کو روکنے کیلئے ملک بھر میں اقدامات کئے جار ہے ہیں۔پاکستان میں وسط ایشیائی ریاستوں سے تجارت کی اربوں ڈالر کی استعداد موجود ہے۔اپنے تئیں پوری کوشش کر رہا ہوں کہ اس مختصر مدت میں ایسے اقدامات اٹھائیں جس سے ہم اپنی تجارت کی حقیقی استعداد کو برئے کار لا سکیں۔آئندہ دورہ چین میں پاک چین اسٹریٹجک تعلقات، دوطرفہ تجارت، سی پیک اور سیاحت کے فروغ پر بات ہوگی۔
گلگت وبلتستان میں موجود سیاحت کی استعداد سے بھرپور فائدہ اٹھانے کیلئے منصوبے مذاکرات کا حصہ ہونگے۔خسارے کا شکار سرکاری اداروں (SOEs) کی نجکاری کا عمل تیز اور شفاف بنا رہے ہیں۔خسارے کا شکار سرکاری اداروں کی نجکاری سے ملکی خزانے کو ہونے والا نقصان کم ہوگا۔نجی شعبے کی شمولیت سے مثبت کاروباری مسابقت بڑھے گی۔
اور عوام کو بہترین سہولیات میسر ہونگی۔افغانی ہمارے بھائی ہیں، قانونی طور پر مقیم افغان پناہ گزینوں کو کوئی واپس نہیں بھیج رہا۔صرف غیر قانونی طور پر مقیم غیر ملکیوں کو ملک بدر کیا جا رہا ہے۔31 اکتوبر کے بعد انکے خلاف سخت کاروائی ہوگی۔انہوں نے مزید کہا کہ فلسطین میں اسرائیل کی حالیہ جارحیت، ظالم اسرائیل اور مظلوم فلسطینیوں کی جنگ ہے۔پاکستان مظلوم فلسطینیوں کے ساتھ انکے حق خود ارادیت اور آزاد فلسطینی ریاست کے حصول تک شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ اس موقع پر سی پی این ای کے وفد نے وزیرِ اعظم کو اخبارات و جرائد کو درپیش مسائل سے آگاہ کیا۔
جس پر وزیرِ اعظم نے سیکریٹری اطلاعات کو اخبارات اشتہارات کے ریٹس میں اضافے ، اشتہارات کی منصفانہ تقسیم اور واجبات کی ادائیگیوں کو فوری حل کرنے کی ہدایت کی۔ نگران وزیرِ اعظم انوار الحق کاکڑ سے ملاقات میں سی پی این ای کے وفدمیں سینئرنائب صدر سی پی این ای انور ساجدی، صدور عامر محمود،طاہر فاروق، عارف بلوچ، سردار خان نیازی ، سیکریٹری جنرل اعجاز الحق، ڈپٹی سیکریٹری جنرل حامد حسین عابدی، فنانس سیکریٹری غلام نبی چانڈیو ،جوائنٹ سیکریٹریزمقصود یوسفی، ممتاز صادق، یحییٰ خان سدوزئی،منیر بلوچ،کاظم خان، ایاز خان ،حیدر امین اوردیگر اراکین موجود تھے۔اجلاس میں سیکریٹری اطلاعات، پرنسپل انفارمیشن آفیسر اور متعلقہ اعلی حکام نے بھی شرکت کی۔