|

وقتِ اشاعت :   October 20 – 2023

کراچی : کراچی میں چینی قونصل جنرل ینگ ین ڈونگ نے کہا ہے کہ پاک چین اقتصادی راہداری منصوبہ تیزی سے آگے بڑھ رہا ہے۔

اور قطر نے سی پیک میں شمولیت کے لیے دلچسپی ظاہر کی ہے۔ کراچی میں اپنے دفتر میں صحافیوں سے گفتگو کے دوران انہوں نے کہا کہ کوئی ممالک سی پیک میں سرمایہ کاری کر سکتا ہے۔ اس سلسلے میں حال ہی میں قطری حکام کی جانب سے سی پیک کا حصہ بننے کے سلسلے میں دلچسپی کا اظہار کیا جا رہا ہے۔ ایک سوال کے جواب میں چینی قونصل جنرل نے کہا کہ سی پیک کے بارے میں یہ تاثر غلط ہے کہ اس منصوبے میں صرف چینی انجینئرز یا ماہرین کام کر رہے ہیں۔۔

بلکہ موجودہ صورتحال میں پاکستانی انجینئرز اور ماہرین کی ایک خاص تعداد سی پیک کا حصہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ سی پیک کے ساتھ ساتھ ہم بلوچستان میں مقامی لوگوں کا طرز زندگی بدلنے کے لیے بھی کام کر رہے ہیں۔ خاص طور پر گوادر کی مقامی آبادی کو مختلف سہولیات فراہم کی جا چکی ہیں۔

اور اس سلسلے میں گوادر کے شہریوں کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی کا منصوبہ تکمیل کے اخری مراحل میں ہے۔

انہوں نے بتایا کہ گوادر شہر میں سولر لائٹس لگانے کے منصوبے پر بھی کام جاری ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے کہا کہ گوادر میں انٹرنیشنل ایئرپورٹ کی تعمیر مکمل ہو چکی ہے جس کا افتتاح بہت جلد ہونے والا ہے۔ چینی قونصل جنرل ینگ ین ڈونگ نے “ون بیلٹ ون روڈ” کا تذکرہ کرتے اس منصوبے میں توسعی پروگرام کا بتایا اور کہا کہ ون بیلٹ ون روڈ منصوبہ گوادر سے افغانستان تک جائے گا جس سے خطے میں تجارت کو فروغ ملے گا۔