|

وقتِ اشاعت :   October 22 – 2023

وفاقی تحقیقاتی ایجنسی ( ایف آئی اے ) نے کراچی میں ایک کارروائی کے دوران حوالہ ہنڈی گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کر لیا۔

ترجمان ایف آئی اے کے مطابق اسٹیٹ بینکنگ سرکل کراچی نے ایم اے جناح روڈ پر کارروائی کی جس کے دوران حوالہ ہنڈی گینگ کے تین ملزمان کو گرفتار کر کے کروڑوں مالیت کی ملکی وغیر ملکی کرنسی بھی برآمد کی گئی۔

ترجمان نے بتایا کہ کارروائی کے دوران گرفتار کئے جانے والے ملزمان میں محمد شاہد، محمد حسنین اور عبدالرشید شامل ہیں۔

گرفتار ملزمان سے برآمد کی جانے والی کرنسی میں 9 کروڑ، 88 لاکھ سے زائد پاکستانی روپے جبکہ 32700 امریکی ڈالر ، 15000 سعودی ریال اور 800 یو اے ای درہم شامل ہیں۔

ترجمان نے مزید بتایا کہ ملزمان بغیر لائسنس کرنسی کی ایکسچینج میں ملوث تھے اور ان سے موبائل فونز اور ہنڈی حوالہ سے متعلق پیغامات اور متعدد ہنڈی حوالہ کے رجسٹرز بھی برآمد کئے گئے ہیں۔